دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم حضرت مولانا عبدالخالق سنبھلی کی وفات پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار تعزیت

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم و استاذ حدیث حضرت مولانا عبدالخالق سنبھلی کی وفات پر انتہائی حزن وملال کا اظہار کیا ہے۔ حضرت مولانا دارالعلوم دیوبند کے مخلص رہ نما اور علماء حق کا نمونہ تھے۔ ۱۹۸۲ میں دارالعلوم دیوبند میں درس و تدریس کے لیے آپ کا تقرر ہوا، تدریس کے ساتھ آپ اہم انتظامی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دیں، ۲۰۰۸ میں نائب مہتمم بنائے گے جس پر تادم واپسیں فائز رہے۔اس سے قبل خادم الاسلام ہاپوڑ اور جامع الہدی مراداآباد میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ مولانا موصوف کے پچاس سالہ دورِ درس و تدریس میں ہزاروں طالبان علوم دینیہ فیضیاب ہوئے۔
مولانا موصوف کریم النفس، شیریں بیاں، ہر دل عزیز اساتذہ میں سے تھے، اس کے علاوہ آپ نے خود کو ایک بہترین منتظم کے طور پر بھی ثابت کیا،نیز تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی اپنی وقیع خدمات پیش کیں۔آپ دارالعلوم دیوبند کے اجل فضلاء میں سے تھے،مسلک اہل السنت و الجماعت اور مشرب اکابر دارالعلوم دیوبند کے پاسدار تھے اور باطل افکار و اذہان کی اصلاح کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ مولانا موصوف کچھ دنوں سے کافی بیمار تھے، ان کا علاج دہلی میں بھی ہوا، اس موقع پرمولانا مدنی ان کی عیادت کے لیے جعفرآبادمیں ان کے بھتیجے کی رہائش گا ہ بھی گئے تھے۔ صحت خراب سے خراب تر ہو تی جارہی تھی، بالآخر وقت قضا آن پہونچا۔ان للہ ما اخذ ولہ ما اعطیٰ وکل شئی عندہ الیٰ اجل مسمی

مولانا مدنی نے کہا کہ آپ کی وفات بالخصوص دارالعلوم دیوبند اور بالعموم علمی و دینی حلقے کے لیے خسارہ عظیم ہے، آپ جیسے ذی علم استاذ کا سایہ بہت بڑی سعادت اور وفات بڑی محرومی اور عظیم نقصان ہے۔تمام پسماندگان سے دلی ہمدردی ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالی استاذ محترم مولانا مرحوم کو زمرہ صالحین میں مقام اعلی فرمائے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کے جمیع احباب سے گزارش ہے کہ دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا خصوصی اہتمام کریں۔
دریں اثناء آج دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں بعد نماز عصر ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا، جس میں دفتر کے ذمہ داران شریک ہوئے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں