اوکھلا، جعفرآباد اور بلیماران میں سینکڑوں لوگوں نے تھاما مجلس کا دامن ، مجلس آفس کا بھی ہوا افتتاح
نئی دہلی: (پریس ریلیز) مجلس آئین پر یقین رکھتی ہے اور آئین کے مطابق کام کرتی ہے، مجلس کے کارکنان کو اگر دہلی کی تقدیر بدلنی ہے تو قربانی دینا سیکھ لیں بغیر قربانی کے کوئی انقلاب نہیں آتا ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحادالمسلمین دہلی کے انچارج اور ممبر پارلیمنٹ سید امتیاز جلیل نے کیا۔ وہ بلیماران دہلی میں مجلس کے وابستگان سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مجلس جس طرح حیدرآباد میں اپنا پرچم لہراتی ہے اسی طرح دہلی میں بھی لہرا سکتی ہے۔ مہاراشٹر، گجرات اور بہار کے بعد اب ہمارے لیے دلی دور نہیں ہے۔ لیکن اس کے لیے مجلس کے کارکنان کو ابھی سے کمر کسنا ہوگی۔ نئے آنے والوں کا نہ صرف استقبال کرنا ہوگا بلکہ دل بڑا کرتے ہوئے انھیں سر آنکھوں پر بیٹھانا ہوگا۔ ہمارے وجود سے ساری پارٹیاں بے چین ہوجاتی ہیں اور آپس میں مجلس کو شکست دینے کے لیے متحد بھی ہوجاتی ہیں، لیکن دلی میں آپ لوگوں کی تیاریاں جس طریقے پر چل رہی ہیں اور کارکنان کی آنکھوں میں جو چمک میں دیکھ رہا ہوں اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دلی میں مخالفین منھ کی کھانے والے ہیں اور مجلس کا پرچم لہرانے والا ہے ۔ اپنے افتتاحی خطاب میں صدر مجلس دہلی کلیم الحفیظ نے کہا کہ اب وعدہ خلافی اور بے وفائی کرنے والوں کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔دہلی ایم سی ڈی کے الیکشن انشاء اللہ چونکانے والے ہوں گے۔ کلیم الحفیظ نے کہاکہ مجلس اب اپنے پورے فارم میں آگئی ہے ۔آج اس کے تینوں ایم سی ڈی میں پروگرام ہوئے ۔ایسٹ ایم سی ڈی جعفرآباد میں سینکڑوں لوگوں نے آج مجلس کا دامن تھا وہیں جامعہ نگر دہلی کے ابوالفضل وارڈ میں ایک وارڈ آفس کا افتتاح ہوا اور نارتھ ایم سی ڈی میں اس وقت آپ پروگرام میں شریک ہیں ، یہاں بھی فراش خانے میں آفس کا افتتاح کیا گیا ہے۔ مجلس کے کارنان نے سید امتیاز جلیل کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور گل پوشی کی ۔ پروگرام کی صدارت حاجی ٹینٹ ہاؤس کے مالک اور حمیدیہ ہاسپٹل کے ڈائریکٹر حاجی انتخاب عالم نے کی نظامت کے فرائض ریحان صدیقی سیکریٹری مجلس دہلی نے انجام دیے۔پروگرام میں مجلس کے عہدے داران کے علاوہ علاقہ کی مشہور و معروف شخصیات موجود تھیں۔