قد آور سیاسی لیڈر شبیراحمد کی کانگریس میں واپسی سے سیاسی منظرنامہ بدلے گا محمد صادق آرزو سمیت کئی سرکردہ شخصیات نے پیش کی نیک خواہشات

ہرلاکھی – مدھوبنی: (ملت ٹائمز) کانگریس کے قد آور لیڈر اور ہرلاکھی اسمبلی حلقہ سے سابق امیدوار شبیر احمد کی چند ماہ بعد کانگریس میں واپسی سے جہاں پارٹی کارکنان میں خوشی کا ماحول ہے اور اس واپسی کے تعلق سے انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید جتائی ہے کہ اس سے متھلانچل میں پارٹی کی جڑوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی وہیں کانگریس کے سرگرم لیڈر محمد صادق آرزو نے کہا ہے کہ شبیر احمد کا نام سیاست کی دنیا میں کوئی ایسا نہیں ہے جس کے کردار سے متھلانچل کے لوگ واقف نہ ہوں اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ ان کی واپسی سے جہاں پارٹی کو نئی سمت ملے گی وہیں کارکنان کا حوصلہ بھی بڑھے گا، انہوں نے اپنی جانب سے مبارکبادی کے پیغام میں بہار کانگریس کمیٹی کے صدر مدن موہن جھا اور مدھوبنی پارلیمانی حلقہ سے سابق ایم پی ڈاکٹر شکیل احمد کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے شبیر احمد پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں واپسی کا موقع دیا ہے وہ خوش آئند ہے،انہوں نے کہا کہ شبیر احمد کانگریس کے ان با حوصلہ سپاہیوں میں سے ایک ہیں جو اپنے اعلی کردار اور سماجی خدمات کے لئے ہمیشہ سرخیوں میں رہے ہیں اور اپنی سیاست کے ہر دور میں کانگریس کی فکر کو عوام تک پوری جوابدہی سے پہونچانے کا فرض نبھایا ہے، بتادیں کہ شبیر احمد ایسے کانگریسی لیڈر ہیں جو 2010 اور 2015 میں پارٹی کے ٹکٹ پر ہرلاکھی اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ چکے ہیں اگر چہ انہیں کامیابی نہیں ملی مگر اچھی کارکردگی کے سبب پارٹی میں ان کا قد ہمیشہ بلند رہا، 2020 کے اسمبلی الیکشن میں پارٹی سے ٹکٹ نہ ملنے کے بعد آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترے تھے جس کی وجہ سے انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، لیکن اس انتخاب کے دوران بھی انہوں نے تیس ہزار سے زائد ووٹ لا کر اپنی سیاسی حیثیت کا احساس دلایا تھا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ پارٹی کے اعلی ارکان نے انہیں پھر سے پارٹی میں استقبال کر کے انہیں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع فراہم کیا ہے، گھر واپسی کے بعد انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صرف پارٹی نہیں بلکہ ایسی مستحکم سوچ کا نام ہے جو صرف ملک کی پرامن ترقی کی خواہاں ہے، اس لئے ہمیں اس پارٹی کو اسی نظریئے سے دیکھتے ہوئے اس کا حصہ بننا چاہئے، انہوں نے کہا کہ میں نے کانگریس کو ہمیشہ اس ملک کا وقار مانا ہے اور جب کہ پورا ملک سیاسی بحران کے دور سے گزر رہا ہے میں سمجھتا ہوں کہ کانگریس کی مثبت فکر مندیاں ہی اس ملک کو اس کے اصل مقام تک پہونچا سکتی ہے ۔