پٹنہ: (پریس ریلیز) امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانامحمد شبلی القاسمی صاحب نے اپنے ایک اخباری بیان میں اعلان کیا ہے کہ امارت شرعیہ ایک عظیم ملی و فلاحی ادارہ ہے،یہاں سے دیگر اہم کاموں کی طرح محتاجگان کی وقتی امداد کے ساتھ حضرت امیر شریعت کی منظوری سے باضابطہ ماہانہ وظیفہ بذریعہ بینک دیا جاتا ہے،اس سلسلہ میں حضرت نائب امیر شریعت جناب مولانا محمد شمشاد رحمانی دامت برکاتہم کی ہدایت کے مطابق نئے سال (۱۴۴۳ھ) کیلئے وظائف کی درخواستیں وصول کرنے کی کارروائی شروع کی جارہی ہے ،اس لئے امارت شرعیہ سے جن بیواؤں اور محتاجوں کو ماہانہ وظیفہ ملتا ہے ؛اگر ان کی ضرورت باقی ہے اور وہ آئندہ اپنا وظیفہ جاری رکھوانا چاہتے ہیں تو تجدیدکا فارم بھر کر اپنے آدھار کارڈ اور بینک پاس بک کی کاپی کے ساتھ ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے پتہ پر ۱۵ محرم ۱۴۴۳ھ تک موصول کرادیں ، وظیفہ فارم میں موجودسبھی خانوںکو صاف صاف بھریں ،اگر خود سے نہ بھر سکیں تو کسی جانکار سے بھر والیں، خاص طور سے اکاونٹ کی تفصیلات (اکاونٹ میں موجود نام، اکاونٹ نمبر، بینک کا نام ، بینک کاپتہ،آئی ایف سی کوڈ) صاف صاف بھریں، وظیفہ کا فارم امارت شرعیہ کے مرکزی دفتر سے یا اپنے ضلع کے دار القضاء سے حاصل کر لیں اور علاقہ کے قاضی یا گاؤں کے نقیب ،بلاک یا ضلع کمیٹی کے صدر ،سکریٹری یا معزز شخصیات سے تصدیق بھی کرا لیں اور آدھار کارڈ اور بینک پاس بک کی فوٹوکاپی منسلک کر کے بذریعہ پوسٹ یادستی دفتر نظامت امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ۔801505 کے پتے پر بھیجیں ۔ یاد رکھیں جن کی تجدید کی درخواست موصول نہیں ہو گی ان کا وظیفہ آئندہ سال ۱۴۴۳ھ کے لیے جاری نہیں ہو گا، جدید بیوگان ومحتاجان کی درخواست بھی مذکورہ شرائط وتفصیلات کے ساتھ ۵۱محرم تک ہی قبول کی جائے گی۔
مزید معلومات کے لیے0612-2555668,0612-2555351,06122555014 پر رابطہ کریں۔






