شعبۂ عربی دہلی یونی ورسٹی کی طرف سے مفتی آصف اقبال قاسمی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض

نئی دہلی: (پریس ریلیز)شعبۂ عربی دہلی یونی ورسٹی کے ریسرچ سکالر مفتی آصف اقبال قاسمی کو ان کے تحقیقی مقالہ ’’ گلستان اور بوستان کے خصوصی تناظر میں شیخ سعدی شیرازی کے کلام میں عربی زبان و ادب کا اثر‘‘ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ انھوں نے اپنا مقالہ پروفیسر نعیم الحسن صدر شعبہ عربی دہلی یونی ورسٹی کی نگرانی میں مکمل کیا جس پر آج شعبہ کے سیمینار ہال میں مناقشہ ہوا۔ تحقیقی مقالے کے مناقشہ کے لیے ممتحن کی حیثیت سے آئے سینٹر فار عربک اینڈ افریقن اسٹیڈیز جواہر لال نہرو یونی ورسٹی کے سابق صدر اور سینئر استاذ پروفیسر مجیب الرحمن نے مقالے کے مختلف جہات کا احاطہ کرتے ہوئے متعدد سوالات اور ان کے جوابات کا استفسار کیا۔ انھوں نے مناقشہ کے بعد ریسرچ سکالر اور ان کے نگران پروفیسر نعیم الحسن کی ستائش کی اور مذکورہ ریسرچ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مقالہ کو عرب وایران کی قدیم ثقافت کو دوبارہ مستحکم کرنے اور دونوں زبانوں کے باہمی تعلقات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک اہم کام قرار دیا۔انھوں نے مقالے کو اپنی نوعیت کا ایک جدید اور اہم مقالہ قرار دیتے ہوئے دونوں زبانوں کے شعراء پر اس طرح کے مزید ریسرچ کی اہمیت واضح کی۔

غور طلب ہے کہ سعدی شیرازی فارسی زبان وادب کی ایسی قدآور اور مقبول ترین شخصیت ہے جن کے کلام کو ہر زمانے میں قبول عام نصیب ہوا اور لوگوں نے ان کے کلام کو اپنا راز حیات اور دستور زندگی کی حیثیت سے اپنایا۔ ان کے کلام کی غیرمعمولی مقبولیت کے اسباب میں عربی زبان وادب کا غیر معمولی اثر بھی شامل ہے، البتہ ان کے عربی کلام اور فارسی کلام پر عربی زبان وادب کے اثرات کے حوالے سے علما اور سکالروں نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا ہے، اس تناظر میں یہ مقالہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اورسعدی کے عربی کلام کوسمجھنے اور برتنے کے لیے یہ مقالہ ایک مرجع کی حیثیت رکھے گا۔

اس موقع پر شعبہ عربی ڈی یو کے سابق سینئر استاذ پروفیسر محمد نعمان خان، شعبہ کے استاذ پروفیسر سید حسنین اختر، ڈاکٹر مجیب اختر، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر اصغر محمود، ڈین فیکلٹی آف آرٹ پروفیسر سید ارتضی کریم اور ڈاکٹر محمد امتیاز کے ساتھ ساتھ رفقاء میں مفتی عبد الواحد قاسمی ولی اللہی دارالافتاء آن لائن فتوی، مولانا جاوید صدیقی قاسمی نائب صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علما ہند دہلی، عرب وہند کے باہمی تعلقات کے ماہر جناب صدیقی صاحب، سکالرز میں غیاث الاسلام صدیقی، محمد نواز اور مفتی یحیی قاسمی کے علاوہ شعبہ کے اسٹاف فہیم الدین، آشش کمار اور ستبیر سنگھ نے ریسرچ سکالر آصف اقبال کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اخیر میں صدر شعبہ نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔آصف اقبال کے والدین نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اہم کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا۔