بیجنگ (ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
اسمارٹ فون آنے سے انسانوں کیلئے جہاں بہت سی سہولیات پیدا ہوئی ہیں وہیں اس کا حد سے زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہورہا ہے اور بعض لوگ اسی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ جمعہ کو چین کے شہر میں ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک تالاب میں چار سالہ بچہ ڈوب گیا اور اس کی ماں قریب ہی کھڑی سمارٹ فون پر مصروف عمل رہی ۔
چینی اخبار شنگھائسٹ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چار سالہ بچہ تالاب میں ڈوب رہا ہے جبکہ کچھ قدموں کے فاصلے پر اس کی سگی ماں اپنے بیٹے کی طرف پشت کیے کھڑی ہے اور اپنے موبائل فون پر مصروف ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ چینی صوبے شان شی کے شہر شیان وانگ میں موجود ایک ریزورٹ میں پیش آیا ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں اپنے موبائل فون پر مصروف ہے جبکہ اس کا چار سالہ بیٹا اسی تالاب میں اپنی زندگی کیلئے جدو جہد کر رہا ہے۔ بچے کے ڈوبنے کے دوران کسی بھی شخص کی نظر اس کی طرف نہیں پڑی جبکہ تھوڑی دیر بعد ماں نے موبائل فون سے توجہ ہٹائی اور بیٹے کی تلاش میں نکلی لیکن بد قسمتی سے وہ غلط سمت میں چلی گئی اور جب اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے میں ناکام رہی تو وہ انتظامیہ سے رابطہ کرتی ہے۔
انتظامیہ نے آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک بچے کو تلاش کیا اور بالآخر اس کی لاش تالاب کی تہہ سے برآمد ہوئی۔ ریزورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچہ ساڑھے تین منٹ تک اپنی زندگی کیلئے جدو جہد کرتا رہا ہے لیکن بروقت امداد نہ ملنے کے باعث ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔