مرکزی وزیر کے بیٹے پر کسانوں کی بھیڑ پر کار چڑھانے کا الزام، 3 ہلاک، کئی زخمی

کسانوں کا الزام ہے کہ کسانوں کو روندنے کی کوشش کرنے والوں میں مقامی رکن پارلیمان اور مملکتی وزیر برائے داخلہ اجئے مشر ٹینی کا بیٹا آشیش عرف مونو بھی شامل ہے۔

لکھیم پورکھیری: اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کے تکونیا علاقے میں بی جے پی کارکنوں اور کسانوں کے درمیان ہوئی پرتشدد جھڑپ میں تین کسانوں کی موت ہوگئی، جبکہ گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق اتوار کی بنویر پور میں نائب وزیر اعلی کیسو پرساد موریہ کو ایک پروگرام میں آنا تھا جبکہ کسان اپنے مطالبات کی حمایت میں کالے جھنڈے دکھانے کے لئے کھڑے تھے۔ بی جے پی کارکنوں نے سراپا احتجاج کسانوں کو ہٹانے کی کوشش کی جسے لے کر دونوں فریقین میں تنازع شروع ہوگیا۔ اس درمیان بی جے پی کارکنوں نے کسانوں کی بھیڑ کو کار سے روندنے کی کوشش کی۔ اس حادثے میں تین کسان شدید طور سے زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی دو کسانوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے لیکن اس کی آفیشیل تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ ادھر کسانوں نے دو گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ہے۔ الزام ہے کہ کسانوں کو روندنے کی کوشش کرنے والوں میں مقامی رکن پارلیمان اور مملکتی وزیر برائے داخلہ اجئے مشر ٹینی کا بیٹا آشیش عرف مونو بھی شامل ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کثیر مقدار میں پولیس ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ موقع واردات پر کسانوں کی کثیر تعداد یکجا ہوگئی ہے۔ پولیس کے اعلی افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔

(بشکریہ قومی آواز)