یوپی میں کسانوں کا قتل: پاپولر فرنٹ کا مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی اور بیٹے کی گرفتاری کا مطالبہ

نئی دہلی: (پریس ریلیز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے اپنے ایک بیان میں اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل کے ذمہ دار مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی اور ان کے بیٹے آشیش  کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی اتفاق نہیں ہے کہ اجے مشرا کے کسانوں کے خلاف دھمکی آمیز تبصرے کے محض چند دنوں بعد ان کے بیٹے نے کسانوں پر ایس یو وی گاڑی چھڑا دی، جس میں کئی بے قصور لوگ زخمی ہوئے اور مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یوپی میں جو کچھ بھی ہوا اس نے ایک بار پھر جمہوری و پرامن احتجاجات کے ساتھ بی جے پی کے ظالمانہ طریقے کو اجاگر کر دیا ہے۔ جب بی جے پی حکومت عوامی احتجاجات کو دھمکیوں سے دبا نہیں پاتی، تو وہ اشتعال انگیزی اور تشدد برپا کرنے کے لئے اپنے گُرگے بھیج دیتی ہے۔ ایسا سی اے اے و این آر سی احتجاجات کے دوران بھی ملک کے متعدد حصوں میں ہوا جس کے بعد شمال مشرقی دہلی میں کئی بے گناہ لوگ مارے گئے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے غنڈوں کی طرف سے کسان مظاہرین کو مشتعل کرنے کی ایسی کئی کوششیں یوپی اور دیگر علاقوں میں مختلف مواقع پر کی جا چکی ہیں۔
او ایم اے سلام نے علاقے کا دورہ کرنے کی کوشش پر اکھلیش یادو اور پرینکا گاندھی و حزب اختلاف کے دیگر لیڈران کی گرفتاری کی مذمت کی۔ حکومت بی جے پی کے مجرموں کو قابو کرنے کے بجائے جمہوری مظاہروں کو کچلنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی۔ مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال ایک جمہوری معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ جمہوری ملک بھارت کو ایسی چالوں کے آگے کبھی جھکنا نہیں چاہئے اور اپنے حقوق کے دفاع کو جاری رکھنا چاہئے۔
او ایم اے سلام نے متاثرہ خاندانوں کے لئے اپنی دلی تعزیت اور ہمارے کسانوں کی لڑائی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com