لکھیم پور کے بعد بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اب امبالا میں احتجاج کر رہے کسانوں پر چڑھائی گاڑی، اسپتال میں داخل

لکھیم پور تشدد کو ابھی ہفتہ بھی نہیں گزرا ہے اور ہریانہ میں ایسا ہی واقعہ پیش آ گیا، بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے قافلہ میں موجود گاڑی کی ٹکر سے ایک کسان زخمی ہو گیا جس کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔
ہریانہ کے انبالہ میں لکھیم پور کھیری جیسا واقعہ سامنے آیا ہے۔ خبر ہے کہ انبالہ میں رکن پارلیمنٹ نائب سنگھ سینی کے قافلے کی گاڑی سے ایک کسان کو ٹکر لگ گئی۔ اس حادثہ میں کسان زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد کسان جائے واقعہ پر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ پولیس فورس بھی تعینات ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق انبالہ کے نارائن گڑھ میں سینی دھرمشالہ میں پروگرام تھا۔ اس میں کروکشیتر سے رکن پارلیمنٹ نائب سنگھ سینی بھی شامل ہونے کے لیے پہنچے تھے۔ جب اس کی خبر کسانوں کو ملی تو وہ احتجاج ظاہر کرنے کے لیے جمع ہونا شروع ہو گئے۔ کسانوں کی مخالفت کی خبر پر پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ سینی قافلے سمیت وہاں سے نکلے۔ اسی دوران احتجاج کر رہے کسان اچانک سے گاڑی کے سامنے آ گئے۔ اسی درمیان ایک گاڑی سے کسان کو ٹکر لگ گئی اور وہ زخمی ہو گیا۔
کسانوں کا الزام ہے کہ کسان سیاہ جھنڈے دکھا رہے تھے تبھی رکن پارلیمنٹ کے قافلے کی ایک گاڑی سے کسان بھون پریت کو ٹکر لگ گئی۔ کسانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ قتل کے ارادے سے گاڑی ان پر چڑھانے کی کوشش کی گئی۔ بھارتیہ کسان یونین چڈھونی گروپ نے نارائن گڑھ تھانہ میں اس تعلق سے شکایت بھی دی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com