ائمہ کرام جمعہ کے خطبوں میں سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں سے عوام کو روشناس کرائیں: مولانا انیس الرحمن قاسمی

پٹنہ – دربھنگہ: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی کی اپیل پر بہار و جھار کھنڈ کے مختلف مساجد میں ائمہ کرام نے گزشتہ جمعہ کو اپنے خطبوں میں سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا موضوع خطاب بنایا۔ مسجد ام خالد الفرہود قاضی نگر پھلواری شریف پٹنہ میں مولانا عبدالباسط ندوی سکریٹری المعہد العالی امارت شرعیہ نے جمعہ میں خطاب کرتے ہوئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا اور کہاکہ سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم عام لوگوں کو اپنی زندگی کو صحیح سمت پر چلانے کی تلقین کرتا ہے۔ جامع مسجد دریا پور پٹنہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا محمدعالم قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل نے کہا کہ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں بہترین زندگی عطا کرتا ہے۔ جامع مسجد ہرسنگھ پور دربھنگہ میں مولانا محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی کو بہترین نمونہ قرار دے کر اہل اسلام کو آپ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کا حکم فرمایا ہے، لہذا سیرت نبوی کو جانے بغیر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل ممکن نہیں۔ نیز اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اتباع رسول اور اطاعت رسول کو لازم اور فرض قرار دیا ہے۔ اس لحاظ سے سیرت نبوی کا مطالعہ از حد ضروری ہے تاکہ آپ کے احکامات اور دیگر اوامر و نواہی کے ساتھ ساتھ آپ کی پسند و ناپسند کے بارے میں مکمل جانکاری ملے۔ علاوہ ازیں ملک کی مختلف مساجد میں سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق خطابات کا اہتمام کیا گیا۔ مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے مساجد کے ائمہ کرام سے دوبارہ اپیل کی ہے کہ آئندہ جمعہ میں سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے خطبوں کا موضوع بنائیں اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف گوشوں سے عام مسلمانوں کو روشناس کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں عالمی سطح پر جو بے چینی اورعدم رواداری اورعدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے اور سماجی تحفظ کو شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے حالات میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کی رہنمائی کی جائے اوراس چیز کو واضح کیا جائے کہ مذہبی رواداری، حقوق کا تحفظ، امن، بھائی چارگی، عدل و انصاف اور ہرقسم کے تعصبات سے پاک سماج کی تشکیل صرف اسلام ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔ اللہ تعالی نے اپنے بندوں کو صراط مستقیم پر چلانے کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواسی ماہ ربیع الاول میں مبعوث فرمایا، اس ماہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرکے مسلمانوں میں ملی اتحاد و مضبوط کرنے اور عام انسانوں میں اکرام انسانیت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، یہ سب سے بڑی نیکی ہے۔ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو عام کرنے کے لیے
(1) مساجد میں مختلف تاریخوں میں سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے پروگرام کئے جائیں، اس سلسلہ میں مساجد کے ذمہ داروں اورائمہ کرام سے رابطہ کیا جائے کہ جمعہ کے علاوہ مجلس منعقد کی جائے۔
(2) اہل محلہ دس روزہ فروغ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس منعقد کرائیں۔
(3) ہر اتوار اورجمعہ کو اپنے محلہ میں سیرت کا پروگرام ماہ ربیع الاول میں منعقد کریں، جس میں خواتین کے لیے خصوصی نظم کیا جائے۔
(4) ربیع الاول کے مہینہ میں سیرت کے عنوان سے مضامین علماء و دانشوران سے لکھوائی جائیں اورمضامین کی اشاعت کے لیے اخبارات و نیوز ایجنسی کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا جائے۔
(5) اسکول و کالج کے ذمہ داروں سے اپیل کی جائے کہ وہ اپنے یہاں طلبہ کے لیے کم از کم ایک روزہ سیرت پروگرام منعقد کرائیں۔
(6) سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر چھوٹے چھوٹے کتابچے اردو، ہندی اور انگریزی میں چھپواکر مسلم وغیر مسلم بھائیوں تک پہونچایا جائے۔
(7) سیرت کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جائے اور اسلام کی صحیح اور سچی تعلیمات کو اس کے ذریعہ لوگوں تک پہونچایا جائے، نیز منفی بیان کا جائزہ لے کر احسن طریقہ سے اس کا جواب دیا جائے۔
(8) علماء وائمہ کرام جمعہ کے علاوہ دیگر مجلسوں میں اسلام اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات پر مؤثر تقریر کریں؛ تاکہ مسلمان اپنی زندگی کو نبوی سانچے میں ڈھالنے کی سعی کریں اوران کے اندر داعیانہ کردار پیدا ہوسکے۔
(9) موجودہ حالات میں مدارس، مکاتب، اسکول اور مختلف اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی جائے کہ سیرت کے موضوع پر پروگرام منعقد کرائیں اور طلبہ وطالبات اس موضوع پر تیاری کرکے تقریر کریں۔
(10) ماہ مبارک میں اتحاد ملت کے لیے کوشش کی جائے، مختلف مسالک کے علماء کو مشترکہ طور پر سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسہ میں تقریر یں کرائی جائیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com