ارریہ: ۹۱،اکتوبر: آج الغزالی انٹر نیشنل اسکول، ارریہ، بہار میں ایک شاندار سیرت النبی کوئز، نعت،تقریر اور محمد ﷺ کے نام کی کیلی گرافی مسابقے کا انعقاد عمل میں آیا۔اسکول کے بچے اور بچیوں نے دل کو موہ لینے والی نعت، قلب و دماغ و کو مسخر کر دینے والی تقریر، نادر المثال معلومات پر مشتمل کوئز اور جاذبِ نظر خطاطی کے ذریعے سامعین سے دادِ تحسین حاصلی کی۔
نعتیہ مسابقے میں شمائلہ نور، ابو سعید اور حبیب اللہ سرور؛انگلش تقریر میں عبدالرحمٰن، ردا فاطمہ اورمحمد فرحان؛اردو تقریر میں انعم فاطمہ، یوسف قمر،اورمحمد علی رحمانی؛کیلی گرافی میں عبد الرحمٰن، انعم فاطمہ اور فائزہ گل نے با لترتیب اول،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی،جبکہ سیرت النبی کوئز مقابلے کے فائنل میں پہونچنے والے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (بوائز) اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (گرلز) کے درمیان سخت مقابلے کے بعد حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (بوائز) نے فتح حاصل کی۔
پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو عمائدین شہر کے ہاتھوں گرانقدر انعامات سے نوازا گیا اور مسابقے میں شریک تمام طلبا کو تشجیعی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ پروگرام میں جناب مفتی حسین احمد ہمدہم، جناب مفتی حسان جامی قاسمی اور مولانا مامون حبیب ندوی نے جج کے فرائض انجام دیئے۔ مہمانِ خصوصی جناب مفتی انعام الباری قاسمی نے طلبا کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں محفوظ اور کامیاب مستقبل کے لئے اسی طرح دینی علوم سے ہم آہنگ عصری اسکولوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم برائے تعلیم لا حاصل امر ہے جب تک کہ اس کے پیچھے اعلیٰ مقاصد نہ ہوں،اس پس منظر میں مجھے خوشی ہے کہ الغزالی نے بلند مقاصد کی تکمیل کی طرف مضبوط قدم بڑھایاہے۔
اسکول کے ڈائریکٹرجناب مولانا مدثر احمد قاسمی نے کہا کہ زمانے کی رفتار کے ساتھ تعلیمی اداروں میں نصابی و غیر نصابی سر گرمیوں کو ہم آہنگ کرنا بہت اہم ہے،بصورت دیگر ہمارے بچے مسابقتی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جائیں گے۔اسکول کے چیئر مین جناب شاہ جہاں ندوی نے کہا کہ ہم اسکول میں موجود وسائل کا مکمل استعمال کر کے بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کی کوشش کر رہے ہیں،اس کوشش میں گارجین حضرات کا تعاون بہت اہم ہے۔اخیر میں اسکول کے سرپرست اور ارریہ جامع مسجد کے امام و خطیب جناب مولانا آفتاب عالم مظاہری کی دعا پر مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔