آل انڈیا ملی کونسل کا سہ روزہ قومی اجلاس بارہ نومبر سے  قانون و جمہوریت کی بالا دستی قائم رکھنے میں ملی کونسل نے ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا: مصطفی رفاعی

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کا سہ روزہ قومی اجلاس 12- 13- 14 نومبر کو پٹنہ میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ اس نیشنل اجلاس کے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک نشست آج آل انڈیا ملی کونسل پھلواری شریف پٹنہ کے ریاستی دفتر میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری مولانا سید مصطفی رفاعی ندوی قادری نے کی۔ اس نشست کا آغاز مولانا جمال الدین قاسمی کے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جبکہ نذران عقیدت بارگاہ رسالت میں مولانا سلیم شوق پورنوی نے پیش کی۔ اس پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے کارگذار جنرل سکریٹری مفتی محمد نافع عارفی نے اس قومی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے پروگرام کا بجٹ پیش کیا۔ اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ 1992میں جب ملک کی حالت انتہائی نازک تھی فرقہ وارانہ فسادات سے ملک جوجھ رہا تھا۔ بابری مسجدکے خلاف رام جنم بھومی کی تحریک زوروں پر تھی اسی زمانے میں اسی بہار کی سرزمین سے اٹھنے والے فقیہ الامت حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی نے پورے ملک کے نمائندہ شخصیات کے ساتھ مل کر ملی مسائل حل کی غرض سے آل انڈیا ملی کونسل کی تشکیل کی۔ اس تنظیم کے قیام کا فیصلہ در اصل مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں بیٹھ کرہوا۔ جب پہلی دفع حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی اور موجودہ جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم صاحب نے ملی کونسل کی تشکیل کا مشورہ فرمایا۔ پھر ممبئی میں اس کا اجلاس ہوا اور نومبر 1992میں بنگلور کے اجلاس میں ملی کونسل کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی اور حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب ؒ کی سرپرستی میں اس تنظیم کی بنیاد رکھی گئی۔ یہ تنظیم پورے ملک میں ملی سماجی رفاحی خدمت انجام دے رہی ہے۔بہار کی خوش نصیبی ہے کہ پہلی دفعہ اس کے قومی اجلاس کی میزبانی کا شرف اسے حاصل ہو رہا ہے۔ اور بطور خاص پٹنہ کیلئے یہ سعادت اور نیک بختی کی بات ہے کہ اسے ممتاز علما اور دانشوروں کی ضیافت کا موقع مل رہا ہے۔ جبکہ آل انڈیا ملی کونسل کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری جو قومی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ کی غرض سے پٹنہ تشریف لائیں ہیں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ علما اور صالحین کی ضیافت کرنا باعث سعادت اور ثواب ہے۔ عظیم آباد کی ایک روشن تاریخ رہی ہے ہمیں امید ہے کہ پٹنہ کے لوگ اپنی روایتی مہمان نوازی کا ثبوت پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک جس سمت جارہا ہے وہ ہم سب کے سامنے ہے۔ ملک کی قیادت کو صحیح سمت عطا کرنے اور قانون و جمہوریت کی بالا دستی قائم رکھنے میں ملی کونسل نے ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے اور یہ اجلاس بھی انشااللہ ملک کی فضا کو ایک نئی سمت عطا کریگا۔ ہم سر جوڑ کر بیٹھیں گے تو انشاء اللہ ملت کیلئے ان کے مسائل کا مفید حل تلاش کرسکیں گے۔ اس نشست میں اتفاق رائے سے مجلس استقبالیہ کا جنرل سکریٹری جناب نجم الحسن نجمی کو منتخب کیا جبکہ استقبالیہ کی صدرت کی ذمہ داری ڈاکٹر عبدالحئی سے قبول کرنے کی گذارش کی گئی۔ امید ہے کہ ڈاکٹر صاحب استقبالیہ کی صدارت قبول کریں گے۔ اس نشست میں شریک تمام لوگوں نے اجلاس کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں اپنے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کارگزار جنرل سکریٹری مفتی محمد نافع عارفی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حضرت مولانا سید مصطفی رفاعی کی دعا پر یہ نشست ختم ہوئی اس نشست میں ملی کونسل کے جن ریاستی ذمہ داروں نے شرکت کی ان میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کے صدرڈاکٹر عتیق الرحمن قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا محمد عالم قاسمی، نائب صدر مولانا ڈاکٹر شکیل احمد قاسمی، مرکزی ملی کونسل کے رکن تاسیسی جناب الحاج سلام الحق صاحب، سکریٹری جناب مولانا سجاد احمد ندوی، قاری انوار صاحب، جناب محبوب صاحب، جناب سلیم شوق پورنوی، محمدسالک، ریاض احمدملت کالونی سیکٹر2، محمدمحسن رضا، انورحسین قاسمی، جوہر الطاف، عبیدالرحمن، شہنواز، نجم الحسن نجمی جنرل سکریٹری مجلس استقبالیہ، محمداشرف امام، محمدکمال الدین، منا، نیازاختر،محمدمحبوب عالم وغیرہم شامل تھے، یہ سب حضرات مجلس استقبالیہ کے ارکان منتخب ہوئے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com