بھارت – چین کشیدگی: ایل اے سی کے حالات پر فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی میٹنگ

نئی دہلی: مشرقی لداخ اور چین کے ساتھ ایل اے سی سے متصل حساس علاقوں کی صورتحال اور وہاں کے چیلنجوں کا ہندوستانی فوج کے سینئر کمانڈرس جائزہ لیں گے ۔ چار دنوں تک چلنے والی جائزہ میٹنگ پیر سے شروع ہوگی ۔ اس میٹنگ میں ایل اے سی سے وابستہ علاقوں کے حالات اور سیکورٹی سے وابستہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق فوج کے کمانڈر گزشتہ کچھ ہفتوں میں مرکز کے زیر انتظام خطوں میں شہریوں کے قتل اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
فوج نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرمبیر سنگھ اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بری فوج کے سربراہ ایم ایم نرونے بھی موجود رہیں گے ۔ یہ میٹنگ دہلی میں منعقد ہوگی ۔
اس میٹنگ میں مشرقی لداخ میں ملک کی جنگ کے حالات میں تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا ، جہاں گزشتہ 17 مہینوں سے ہندوستان اور چین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں ۔ حالانکہ اس درمیان دونوں ہی ممالک کی طرف سے ٹکراو والے کئی علاقوں سے فوجیوں کی واپسی کرلی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق فوجی کمانڈروں کی اس میٹنگ میں افغانستان پر طالبان کے قبضہ کے بعد ہندوستانی خطوں میں پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات پر بھی گفتگو کی جاسکتی ہے ۔ اس سے پہلے فوج کی طرف سے بیان جاری کرکے کہا گیا ہے کہ 2021 میں ہونے والی دوسری فوجی کمانڈر کانفرنس 25 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک نئی دہلی میں منعقد کی جائے گی ۔
فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس کانفرنس میں فوج کے سینئر کمانڈرس اس وقت موجود بحران اور مستقبل میں ہندوستان کیلئے ممکنہ سبھی سیکورٹی خطرات اور انتظامی پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی ۔