تری پورہ میں مسلمانوں اور مسجدوں پر حملہ کرنے والے شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے: آل انڈیا ملی کونسل

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) تری پورہ میں مسلمانوں ان کے گھروں اور مسجدوں پر ہونے والے حملوں کی آل انڈیا ملی کونسل نے مذمت کرتے ہوئے اسے سرکار کی ناکامی بتایا اور کہا ہے اقلیتوں کو تحفظ دینا، ان کے عبادت خانوں اور گھروں کی حفاظت کرنا منتخب سرکار کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں بی جے پی سرکار شروع سے ناکام ہے ۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم نے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے لگاتار تری پورہ میں مسلمانوں پر حملہ کیا جا رہا ہے، ان کے گھروں کو توڑا جا رہا ہے، قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی ہے، ان کو نقصان پہنچایا گیا ہے جو بے حد شرمناک ہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر ہوئے حملوں کے خلاف 13 شدت پسند تنظیموں نے احتجاج کرنے کے لیے ریلی نکالی تھی جس نے پر امن احتجاج کرنے کے بجائے مسلمانوں پر حملہ کر دیا، مسجدوں میں آگ زنی کی، قرآن مجید کی بے حرمتی کی، مسلمانوں کے خلاف نعرے لگائے گئے، افسوسناک کی بات یہ ہے کہ ابھی تک کئی دن گزر جانے کے باوجود اس معاملے میں ریاستی اور مرکزی سرکار کی طرف سے سے کوئی خاص کاروائی ہوتی نظر نہیں آئی ہے۔ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو کچھ ہوا اس کے خلاف ہم سب نے آواز بلند کی۔ انڈیا ملی کونسل نے بھی ایک پریس ریلیز جاری کر کے کہا تھا کہ کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے اور یہ اسلام کے خلاف بھی ہے کہ اقلیتوں کی حفاظت نہ کی جائے اور ان کے عبادت خانوں پر حملہ کیا جائے۔ ہونا یہ چاہیے کہ نہ تو کسی کے عقیدے کو ٹھیس پہنچائی جائے اور نہ ہی کسی کے عبادت خانے کو توڑا جائے۔

بھارت سرکار کو چاہیے کہ وہ اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنائے اور جس طرح بھارت میں لگاتار مسلمانوں پر حملہ ہورہاہے، ماب لنچنگ کی جارہی ہے، مسلمانوں کا فرضی انکاؤنٹر کیا جارہا ہے، مسلمانوں کو جیلوں میں بند کیا جارہاہے جو سرکار کی ناکامی ہے اور یہ سب اس لئے ہورہاہے کیونکہ سرکار کاروائی سے گریز کرتی ہے۔ مجرموں اور دنگائیوں کے خلاف ایکشن لینے کے بجائے بچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
آل انڈیا ملی کونسل کی اپیل ہے کہ سرکار اپنی ذمہ داری ادا کرے، ملک کے ماحول کو پرامن بنائے اقلیتوں کو محفوظ کرے کرے اور ان پر ہونے والے لگاتار حملوں کو روکے اور جو لوگ اس طرح کے حملوں میں ملوث ہیں انہیں عبرتناک اور سخت سزا دی جائے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com