بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان جیل میں ہیں اور ممبئی کروز ڈرگس پارٹی معاملہ میں ان کی درخواست ضمانت کو مجسٹریٹ کورٹ اور خصوصی این ڈی پی ایس کورٹ دونوں پہلے ہی خارج کر چکے ہیں
ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان جیل میں ہیں اور ممبئی کروز ڈرگس پارٹی معاملہ میں ان کی درخواست ضمانت کو مجسٹریٹ کورٹ اور خصوصی این ڈی پی ایس کورٹ دونوں پہلے ہی خارج کر چکے ہیں۔ درخواست ضمانت اب بامبے ہائی کورٹ کے زیر غور ہے۔
آرین خان کی درخواست ضمانت پر بامبے ہائی کورٹ آج سماعت کرنے جا رہا ہے۔ خصوصی عدالت کی جانب سے 20 اکتوبر کو ان کی عرضی خارج کئے جانے کے بعد ستیش مانشندے کی قیادت میں ان کی قانونی ٹیم نے ہائی کوڑت کا رخ کیا ہے، جہاں سماعت کے لئے آج کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تاہم یہاں بھی سماعت کے دوران این سی بی آرین سمیت تمام ملزمان کی ضمانت کی مخالفت کرے گی۔
آج تک کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ بہت ممکن ہے کہ ضمانت پر سماعت سے پہلے این سی بی کے وکیل وہ دونوں حلف نامے جو پیر کے روز سیشن کورٹ میں داخل کئے گئے تھے انہیں ہائی کورٹ کے سامنے پیش کریں۔ ایک حلف نامہ میں این سی بی نے بتایا ہے یہی گواہان کو اس معاملہ میں متاثر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دوسرے حلف نامہ میں، جوکہ سمیر وانکھیڑے کا ہے، کہا گیا ہے کہ جانچ کی نگرانی کر رہے افسر کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کے اہل خانہ کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔
این سی بی کے افسران اپنے وکلا سے ملاقات کر کے ان تمام چیزوں پر حتمی حکمت عملی تیار کر چکے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق آرین خان کی درخواست ضمانت ہائی کورٹ میں 57 نمبر لسٹڈ ہے۔ دریں اثنا، شریک ملزم ارباز مرچنٹ کی درخواست ضمانت کو نمبر 64 پر لسٹڈ کیا گیا ہے۔