ممبئی: ممبئی ڈرگس معاملے کی جانچ اب نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی دہلی ٹیمیں کریں گی۔ این سی بی کے جنوب- مغربی علاقے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل متھا اشوک جین نے بتایا ہے کہ ممبئی ڈرگس اور دیگر پانچ معاملوں کی جانچ دہلی کی ٹیم کرے گی۔ یہ ایک ایڈمنسٹریٹیو فیصلہ ہے۔ اس خبر پر ممبئی ڈرگس معاملے کی جانچ کر رہے این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے نے کہا ہے کہ انہیں جانچ سے ہٹایا نہیں گیا ہے۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا- ‘مجھے جانچ سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔ عدالت میں میری رٹ پٹیشن تھی کہ معاملے کی جانچ کسی مرکزی ایجنسی سے کرائی جائے۔ اس لئے ممبئی ڈرگس معاملے اور سمیر خان معاملے کی جانچ دہلی این سی بی کی ایس آئی ٹی کرے گی۔ یہ دہلی اور ممبئی کی این سی بی ٹیموں کے درمیان ایک ہم آہنگی ہے’۔ ایس آئی ٹی سیدھے اس معاملے کی اسٹیٹس اور تفتیش رپورٹ این سی بی کے ڈی جی کو سونپے گی۔ ریاستی وزیر نواب ملک کا ردعمل مہاراشٹر حکومت کے وزیر برائے اقلیتی امور اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے جانچ سے وانکھیڑے کو ہٹائے جانے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ یہ تو بس شروعات ہے، سسٹم کو صاف کرنے کے لئے ابھی کافی کچھ کیا جانا ہے، ہم وہ کریں گے۔