تریپورہ کا دورہ کرنے کے بعد دہلی میں ملی تنظیموں کی پریس کانفرنس، ابھی بھی خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں وہاں کے مسلمان

نئی دہلی: (پریس ریلیز) مسلم تنظیموں کے ایک مشترکہ وفد نے تریپورہ کا دورہ کیا تا کہ مسلم مخالف تشد د کی تحقیقات کی جاسکیں۔ وفد میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد، جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر ، جماعت کے نیشنل سکریٹری مولا ناشفيع مدنی، آل انڈیا جمعیت اہل حدیث کے مولانا ثیث تیمی، آل انڈیا ملی کونسل کے جناب شمس تبریز قاسمی کے علاوہ اور نور اسلام مرزربھوئیا جماعت اسلامی ہند کے امیر حلقہ آسام (جنوب)، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے تریپورہ صدر جناب شفیق الرحمن شامل تھے۔ مولانا فریدالدین قاسمی امارت شریعہ( شمالی جنوب ) بھی وفد میں شامل ہوئے۔ یہ وفد 31 اکتوبرکو اگر تلہ پہنچا اور ان علاقوں کا دورہ کیا جہاں تشدد اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی خبریں ملی تھیں ۔ تریپورہ کے 8 اضلاع میں سے 4 ضلعوں میں تشدد کے واقعات کی خبر ملی ہے۔ شمالی تری پورہ کے ضلع ہیڈ کوارٹر پانی ساگر، دھرم نگر میں سب سے زیادہ تشدد کے واقعات رپورٹ کئے گئے ہیں ۔ مشتبہ مجرمین چھوٹے چھوٹے گروہوں میں ہوتے تھے جو اندھیرے میں اپنا کام انجام دیتے تھے یا پھر جہاں مسجد سے مسلمانوں کی آبادی دورتھی ۔ مجموعی طور پر 16 ایسی مساجد ہیں جنہیں نقصان پہنچایا گیا یا جلا دی گئیں ۔ وفد نے متاثرہ مساجد کا دورہ کیا۔ اس خوفناک صورتحال کی وجہ سے تر یپورہ کے مسلمان خوف و دہشت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان لوگوں نے وفد کو بتایا کہ حملہ آور نامعلوم (باہری) لوگ تھے۔ اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سماج دشمن عناصر بنگلہ دیش میں ہوئے تشدد کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد کو ہوا دینے کے لئے جان بوجھ کر فرقہ وارانہ مہم چلارہے ہیں ۔ خوش قسمتی سے مقامی آبادی اس پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوئی اور انہوں نے فرقہ پرستوں کا ساتھ نہیں دیا۔ اس وجہ سے لوگ ان فسادیوں کی شناخت کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔

ہمارے مطالبات

1. پولیس محکمہ جاتی انکوائری کرے اور فرائض میں کوتاہی کرنے والے پولیس افسران کا پتا لگائے ۔ ان ملازمین اور تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی شروع کی جائے۔ قصور وار افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے ظاہر ہوگا کہ پولیس ایک آزاد ادارہ ہے اور اسے کسی مخصوص سیاسی جماعت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔

2. ہماری معلومات کے مطابق پولیس اور انتظامیہ براہ راست ریاستی حکومت کے ماتحت ہے، اس لئے ریاستی حکومت بھی تر پورہ میں تشدد کی ذمہ دار ہے۔ ریاستی حکومت نے تشد دکو جاری رکھنے والوں کے خلاف ابھی تک کوئی بڑی کارروائی شروع نہیں کی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے۔

3. وفدنے 2 نومبر کو گرتلہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تریپورہ حکومت متاثرین کو مناسب معاوضہ دے اور توڑ پھوڑ کی گئی مساجد کی مرمت کرے۔

4. حکومت پانی ساگر میں ہونے والے تشدد کے خوفناک واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے اور انہیں گرفتار کرے۔ پولیس کے پاس تشد د کی تمام فوٹیج موجود ہیں ۔ جن پولیس افسران نے تشد دو نہیں روکا، ان کی بھی انکوائری ہونی چاہئے اور ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔ حکومت تر پورہ تشدد کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات کی فوری بھر پائی کرے۔ مساجد کی مرمت کرے۔ جن دکانوں کو جلایا گیا ان کے مالکان کو فوری معقول معاوضہ دیا جائے ۔اس سلسلہ میں وزیر اعلی تریپورہ کے نام خط بھی تحریر کیا گیا ہے۔

مشاہدات

تریپورہ تشدد نے ہمارے ملک کی شب کو خراب کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوا ہے کہ تریپورہ حکومت اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے۔ تشدد اور توڑ پھوڑ کے یہ واقعات اچا نک رونما نہیں ہوئے بلکہ منصوبہ بند دکھائی دیتے ہیں۔ لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف اکسایا گیا جبکہ کی بھی کمیونٹی کے خلاف اکسانا اور نفرت پھیلانا بہت بڑا جرم ہے۔

پولیس اور انتظامی کو تشدد کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنی چاہئے تھی۔ اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو تشدد اور توڑ پھوڑ کے ان واقعات کو روکا جاسکتا تھا۔ سماج دشمن عناصر اور فرقہ وارانہ فساد پھیلانے والوں کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ انہیں حکومت کی جانب سے سیکورٹی ملنے کا یقین ہے۔

مساجد کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا تا کہ مسلم کمیونٹی کے حوصلے پست ہوں اور ان کی شناخت مجروح ہو اور وہ دہشت زدہ ہو کر خوف و مایوسی کا شکار ہو جائیں۔ یہ ہ صرف تریپورہ بلکہ پورے ملک کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ وفد نے تین دنوں تک تریپورہ میں رہ کر مقامی مسلم و غیرمسلم متاثرین سے ملاقا تیںکی ۔تر یپورہ کے وزیر اعلی سے ملاقات کرنے کی بھی کوشش کی ، انہیں میٹنگ کے لئے خط لکھا گیا۔ وزیر اعلی یقین دلاتے رہے کہ وہ ملاقات کے لئے کچھ وقت نکالیں گے لیکن آخر کار وہ وفد سے نہیں ملے ، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ وفد نے ڈی جی پولیس سے بھی ملنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی وفد سے نہیں ملے۔ البتہ آئی جی لاءاینڈ آرڈر نے کال کر کے ملنے کی پیشکش کی لیکن تب بہت دیر ہو چکی تھی ۔ کیونکہ وفد میں شامل اراکین کونئی دہلی روانہ ہونا تھا۔ وفد نے تریپورہ کے وزیراعلی کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خط لکھا۔ اس خط پر وفد کے اراکین نے مشترکہ طور پر دستخط کیے ہیں۔

 تریپورہ میں فرقہ واران تشد داورلڑائی جھگڑوں کی کوئی تاریخ نہیں رہی ہے لیکن جب سے فرقہ وارانہ ذہنیت کے لوگوں نے ریاست میں قیادت سنبھالی ہے، فرقہ وارانہ تشدد اور توڑ پھوڑ کے ایسے واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ فرقہ پرست طاقتیں نفرت پیدا کرنے اور ملک کے ماحول کو پولرائز کرنے کی کوشش کررہی ہیں، اس کے باوجود میں پرسکون رہنا چاہئے، اشتعال انگیزی اور بھڑکاؤ سے گریز کرنا چاہئے اور تمام طبقات کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہئے۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔ ہمیں اس کی جانچ کرنی چاہئے اور ایسے مواد کو آگے نہیں بڑھانا چاہئے۔ تریپورہ میں بھی اس طرح کی جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلائی گئیں ۔ دین اسلام میں خبروں کو پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنے کا درس دیتا ہے۔

دستخط کنندگان :

1. جناب نوید حامد ، صدر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت

2. پروفیسر سلیم انجینئر، نائب امیر جماعت اسلامی ہند

3. مولانا شفیع مد نی، نیشنل سکریٹری جماعت اسلامی ہند

4. مولا نا ثیث تیمی ،آل انڈیا جمعیت اہل حدیث

5. جناب شمس تبریز قاسمی ، آل انڈیا ٹی کونسل

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com