آل انڈیا علماء بورڈ کے پیغام امن و انصاف کو گھر گھر تک پہونچانے کی ضرورت: مولانا سجاد نعمانی

نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں آل انڈیا علما ء بورڈ کی جانب سے منعقدہ قومی اقلیتی کانفرنس برائے امن و انصاف ۲۰۲۱ کو خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر ہم امن اور انصاف کے متلاشی ہیں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ایسی تمام کوششوں اور کاوشوں کا حصہ بنیں جو ملک میں امن و امان اور ترقی و بہبودگی کیلئے چلائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کامیابی کیلئے انفاق، اطعام اور اکرام ضروری ہے باقی کوئی شارٹ کٹ فارمولہ نہیں ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کیلئے بورڈ کے جنرل سکریٹری آرگنائزیشن انظر انور خان اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کاوش لائق تحسین ہے اور یہ مسلسل جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ملک میں کوئی بھی بھوکا نہ سوئے۔ کسی ضرورتمند کا استحصال نہ ہو اور ہم سب امن کے پیغامبر بنیں۔ مولانا نے کہاکہ ہمیں زمین پر اتر کر لوگوں کے درمیان جا کر عملی طور پر کام کرنا ہوگا اور ہمیں ان قوموں اورطبقات سے سیکھنا ہوگا جو زمین سے جڑ کر ریاء اور نمود سے اوپر اٹھ کر لوگوں کی خدمت کر ر ہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ آل انڈیا علماء بورڈ کا پیغام امن ہر گھر تک پہونچائیں اور ممبئی سے آکر دہلی میں اس طرح کے پروگرام کرنا یہ دہلی والوں کیلئے بھی ایک پیغام ہے۔ اس موقع پر سینٹر کے صدر اور مہمان خصوصی سراج الدین قریشی نے بھی اس طرح کی کاوش کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں مایوسی کے بجائے اپنے حصہ کا دیا جلانے کی عادت ڈالنی چاہئے۔ جب ہم قرآن کو پڑھتے ہیں تو ہمیں یہ پیغام وہیں سے ملتا ہے کہ مایوس لوگوں کو اللہ پسند نہیں کرتا ہے پھر قدرت سے ہم بغاوت کیوں مول لیتے ہیں؟ کیوں نہیں ہم زمین پر اتر کر امن کو پھیلانے کیلئے کام کرتے ہیں؟ اس موقع پر ڈاکٹر سید فاروق احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے ہمارے رسول اسوہ ہیں۔ کس طرح نبی نے پتھر کھا کر دعا دی؟ یہ سبق بھی ہم کو یاد رکھنا چاہئے۔ ہمارے لئے یہ لازم ہے کہ ہم لوگوں کو بھلائی کا حکم دیں۔ صاف صفائی کا اہتمام رکھیں۔ لوگ ہم کو دیکھ کر یہ سمجھیں کہ یہ نبی کے دیوانے ہیں اور نبی ایسے ہی تھے۔ دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر حسین اور حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے بھی کانفرنس کے انعقاد کیلئے انظر انور خان اور بورڈ کے جنرل سکریٹری فائنانس وارث علی خان کو مبارکباد دی۔ سوامی وشوانند جی نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارت ایک گلدستہ ہے اور بھائی چارہ ہی اس کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک کہ ہم محبت کے داعی نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی دھرم نفرت کی تعلیم نہیں دیتا ہے اور نفرت کرنے والے ادھرمی ہیں۔ اس موقع پر کیرل سے شمس الدین، ٹی پی سی تنگل، سنی جن یوتھ، چنئی سے نعیم الرحمان، سمیت بڑی تعدادمیں لوگوں نے حصہ لیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com