امارت  سکینڈری-میٹرک پریپ پروگرام  2021-22 کی افتتاحی تقریب اور کورس کا آغاز

  انٹرنس ٹیسٹ میں کامیاب طلبہ اور ان کے  گارجین حضرات کے ساتھ ڈائرکٹر رحمانی تھرٹی اور قائم مقام ناظم  امارت شرعیہ کی تعارفی نشست
پٹنہ: عصری تعلیم کے فروغ و اشاعت میں امارت شرعیہ نے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے دسویں بورڈ (سی بی ایس ای ، آئی سی ایس سی اور بہار اسکول اگزامنیشن بورڈ ) کے امتحان کی تیاری کے لیے امارت سکینڈری/ میٹرک پریپ پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ جہاں ماہر اساتذہ کے ذریعہ دسویں بورڈ کی تیاری کرائی جائے گی، اس پروگرام کی مانیٹرنگ رحمانی تھرٹی  اور دوسرے اس طرح کے کامیاب اداروں کے ذریعہ کی جائے گی ، جسے کوچنگ کے میدان میں بڑا لمبا تجربہ ہے اور انجیئرنگ اور میڈیکل کی تیاری کے باب میں اس نے پورے ملک میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔مورخہ 11 نومبر کو اس پروگرام میں داخلہ کے لیے طلبہ و طالبات کا داخلہ امتحان(Entrance Test) لیا گیا تھا۔ آج مورخہ 14 نومبر 2021 کو  بعد نماز عصر المعہد العالی امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں داخلہ امتحان میں کامیاب طلبہ و طالبات اور ان کے گارجین حضرات کے ساتھ ایک تعارفی نشست منعقد ہوئی، جس میں رحمانی تھرٹی کے ڈائرکٹر جناب انجینئر فہد رحمانی صاحب، قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب  کے علاوہ امارت شرعیہ کے دیگر ذمہ داران اور رحمانی تھرٹی کے اساتذہ و دیگر ذمہ داروں کے علاوہ امارت  سکینڈری / میٹرک پریپ پروگرام کے ماہر اساتذہ نے  شرکت کی۔  اس تعارفی نشست میں جناب انجینئر فہد رحمانی صاحب نے طلبہ و طالبات کے سامنے اس پروگرام کے اغراض و مقاصد کو تفصیل سے بیان کیا اور محنت و جد و جہد کے ذریعہ کامیابی کے مراحل کیسے طے کیے جاتے ہیں اس کے بارے میں طلبہ کے درمیان حوصلہ افزا کلمات کہے اور اس پروگرام کے تعلق سے ان کی امید افزا رہنمائی  کی ۔انہوں نے کہا کہ پورے کمٹمنٹ ، وقت کی پابندی اور کامیاب ہونے کی لگن کے ساتھ اپنا سو فیصد دینے کے لیے تمام طلبہ و طالبات تیار رہیں ۔ صرف بورڈ کے امتحان کو اپنا ٹارگیٹ نہ کریں بلکہ اس سے آگے کے مراحل کو یعنی آئی آئی ٹی(IIT) و نیٹ (NEET)  کے امتحان کو ذہن میں رکھ کر اپنی محنت کو شروع کریں ۔ پوری لگن اور جنون کے ساتھ اگر محنت کریں گے تو بہتر نتیجہ ملے گا ، ان شاء اللہ ۔ انہوں نے کہا کہ رحمانی تھرٹی دسویں کے امتحان کے بعد آگے کی تیاری کے لیے بھی ان طلبہ وطالبات کی پوری رہنمائی کے لیے تیار ہے ۔

قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے کہا کہ امیر شریعت سابع مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب  نے قوم کے نونہالوں کو مقابلہ جاتی امتحانوں کی تیاری کرانے اور ان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے بہت پہلے رحمانی تھرٹی کی بنیاد ڈالی تھی ، جو آج الحمد اللہ ملک کے کامیاب ترین اور نمایاں اداروں میں سے ایک ہے اور اس میدان میں اس ادارہ نے پورے ملک میں ایک مثال قائم کر دی ہے ۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی خواہش تھی کہ اسکول میں پڑھنے والے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور ان کو مقابلہ جاتی امتحانوں کے لیے تیار کرنے کے سلسلہ میں امارت شرعیہ کچھ کرے ۔ ان کے اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے موجودہ  امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر امارت شرعیہ نے کوچنگ کے اس پروگرام کی شروعات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ برسوں میں ہم دوسرے اضلاع میں بھی اس طرح کے پروگرام شروع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امارت شرعیہ کے اس پروگرام کی امتیازی خصوصیت یہ ہو گی کہ یہاں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی ماحول میں طلبہ و طالبات کی عمدہ تربیت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔جیسا کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعہ قائم کردہ رحمانی تھرٹی اور دیگر اداروں میں اس پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سبجکٹ کے ماہراساتذہ کے ذریعہ  طلبہ کو سبجیکٹ کی پوری تیاری کرائی جائے گی اور صرف امتحان دینے  پر نہیں بلکہ ہر سبجیکٹ کواچھی طرح  سمجھانے پر فوکس کیا جائے گا۔انہوں نے رحمانی تھرٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رحمانی تھرٹی نے اس پورے پروگرام کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری لی ہے اس کے لیے ہم رحمانی تھرٹی اور جناب انجینئر فہد رحمانی صاحب کے بے حد شکر گزار ہیں ، انہیں اس  لائن کا کافی لمبا تجربہ ہے ، ان شاء اللہ ان کے تجربے سے بہت فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب خود نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے دوسرے ممالک کے تعلیمی نظام پر گہری نگاہ رکھتے ہیں ، کئی اہم یونیورسٹیاں  اپنی تعلیمی منصوبہ بندی میں ان کے بیش قیمت مشوروں سے فائدہ اٹھاتی ہیں ۔ ان کی سر پرستی اور  نگرانی بھی اس پروگرام کو براہ راست حاصل ہوگی جو ہم سب کے لیے اور اس پروگرام کے تحت تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے ۔رحمانی تھرٹی میں میتھ کے معروف استاذ سدیپ صاحب نے بچوں کی کامیابی کے لیے رہنما اصول بتائے ۔

اس پروگرام میں  شرکت کرنے والوں میں جناب مولانا مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ  ،مولانا سہیل احمد ندوی سکریٹری جنرل امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ، مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی صاحب مفتی امارت شرعیہ ، مولانا قاضی انظار عالم قاسمی قاضی شریعت ، جناب سمیع الحق صاحب نائب انچارج بیت المال امارت شرعیہ، حضرت مولانا قاری شبیر احمد صاحب مہتمم مدرسہ اسلامیہ شکر پور بھروارہ،  مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی ، مولانا احمد حسین قاسمی صاحب معاون ناظم ،مولانا محمد ارشد رحمانی صاحب آفس انچارج ، مولانا منہاج عالم ندوی صاحب ،جناب عارف خان صاحب  رحمانی تھرٹی، جناب محمد ایاز الدین صاحب انچارج  امارت  سکینڈری / میٹرک پریپ پروگرام، جناب فیاض  اقبال ایڈمنسٹریٹر مولانا سجاد میموریل اسپتال   کے نام اہم  ہیں ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com