آل انڈیا ملی کونسل بہار کی جانب سے اسلامی کوئز میں کامیاب طلبہ و طالبات کے درمیان مومنٹو تقسیم

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے زیراہتمام منعقد اسلامی کوئز میں کامیاب طلبہ و طالبات کو آج آل انڈیا ملی کو نسل بہار کے دفتر میں قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی، اسسٹنٹ جنرل سکریٹری حضرت مولانا سید مصطفیٰ رفاعی جیلانی قادری ندوی، جناب سیدمہدی موسوی مشیر کلچر ہاؤس ایران، مولانا صادق حسینی، مولانا امانت حسین، عابدہ رحمن و دیگرمہمانوں کے ہاتھوں مومنٹو دیا گیا۔ اس موقع سے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا آل انڈیا ملی کونسل ہر وقت نونہالوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے کوششیں کررہی ہیں اور یہ کوششیں ان شاء اللہ رنگ لائیں گی، اس اسلامی کوئز میں اتنی بڑی تعدادمیں طلبہ و طالبات کی شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارا مستقبل روشن ہے، مولانا نے مزید کہاکہ سیرت رسول اصل ہے اور اسے اسلامی تعلیمات کے ذریعہ ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ حضرت مولانا مصطفی رفاعی قادری ندوی نے کہا کہ اسکولوں اور کالجزمیں اخلاقیات اور سیرت کی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،اس کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ وطالبات کوکم سے کم سیرت کی ایک مختصرکتاب پڑھائی جائے۔ جناب سیدمہدی موسوی نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسان نے جسمانی ترقی کے لیے ہران طریقوں کو اپنایا ہے جو ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے ، لیکن جس کی وجہ سے انسان اشرف المخلوقات بنے ہیں، اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی اوروہ انسانی کی روحانی تربیت ہے،جس طرح انسان کا جسم جب بیمار پڑتا ہے تو اسے دوائی کی ضرورت پڑتی ہے، اسی طرح جب انسان کاروح بیمارپڑجائے تواس کے لیے دینی تعلیم کی ضرورت پڑتی ہے، دینی تعلیم کے بغیرروحانی تربیت نہیں ہوسکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا کو اسلامی اخلاقیات اور سیرت نبوی کواپنی زندگی میں لانے ضرورت ہے۔ آل انڈیا ملی کونسل کے سہ روزہ اجلاس عمومی کے موقع پر14/نومبرکواسکول /مدارس کے طلبہ وطالبات کے لیے اسلامی کوئز کا شاندار انعقاد کیا گیا تھا، اس کوئز میں مختلف اسکولوں ومدرسوں میں پڑھنے والے 230/طلبہ و طالبات نے شرکت کی، ان طلبہ کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا، پہلے زمرے  Aمیں آٹھویں کلاس سے دسویں کلاس کے طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جبکہ گروپ B میں پانچویں سے ساتویں جماعت کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی، اس موقع سے طلبہ وطالبات نے انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، کامیاب طلبہ کو سند آل انڈیاملی کونسل نئی دہلی کے صدرمحترم حضرت مولانا عبد اللہ مغیثی، اسسٹنٹ جنرل سکریٹری مولانا مصطفی رفاعی قادری، قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی اور دیگر مہمانوں کے ہاتھوں سے دیا گیا، گروپ A میں 49 طلبہ وطالبات نے صدفیصدنمبرات حاصل کی اورانہیں مشترکہ طورپرانعام اول کامستحق قرار دیا گیا، اخیر میں حضرت مولانا مصطفی رفاعی ندوی کی دعاپر مجلس کااختتام ہوا۔ اس مجلس میں مختلف اسکولوں کے ٹیچرس وگارجین حضرات اپنے طلبہ وطالبات کے ساتھ شریک تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com