کانپور: اترپردیش میں ایک بار پھر پوليس کی کاروائی پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ گورکھپور میں پولیس کی پٹائی سے تاجر کی موت کے معاملے کے بعد اب کانپور پوليس پر ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا سنسنی خیز الزام سامنے آیا ہے۔ الزام کے مطابق تین روز قبل نوجوان کو پولیس نے چوری کے الزام میں چوکی بلایا تھا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس نے چوری کا جھوٹا الزام لگا کر اس کی پٹائی کی جس میں اس کی موت ہوگئی۔ منگل کی صبح کچھ پولیس والوں نے نوجوان کو اس کے ہی گھر کے قریب پھینک دیا اور وہاں سے چلے گئے۔ اسے دیکھ کر لوگوں میں پولس کے خلاف ناراضگی پھیل گئی۔دراصل کلیان پور پولس نے دو دن پہلے نوجوان کو 12 لاکھ کی چوری کے شبہ میں پکڑا تھا۔ اسے کل صبح رہا کیا گیا تھا جس کے بعد رات کو اس کی موت ہوگئی۔ نوجوان کی پشت پر بری طرح مار پیٹ کے نشانات ہیں۔ اہل خانہ نے پولیس پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ لواحقین نے لاش رکھ کر ہنگامہ کھڑا کر دیا اور قصوروار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔