امراوتی تشدد: اب تک بی جے پی کے پانچ لیڈر گرفتار

نئی دہلی: امراوتی پولیس نے مہاراشٹر کے امراوتی میں بند کے دوران توڑ پھوڑ کے سلسلے میں بی جے پی کے مزید پانچ رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار لیڈروں میں تین موجودہ کونسلر بھی شامل ہیں۔ بند کرنے کی کال بی جے پی لیڈروں نے ہی گزشتہ ہفتہ کو دی تھی ۔ بند کے دوران کئی دکانوں میں توڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس بند کے دوران کئی مقامات پر پتھراؤ اور آتش زنی کی وارداتیں ہوئیں، تشدد کے دوران نو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ تریپورہ میں ایک خاص برادری کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد کے بعد جمعہ کو امراوتی میں بند کے دوران تشدد ہوا، اس تشدد کے بعد ہی بی جے پی لیڈروں نے بند کی کال دی تھی۔ بی جے پی کے اس بند میں زبردست ہنگامہ ہوا، کئی مقامات پر تشدد ہوا، مخصوص طبقہ کے خلاف فرقہ وارانہ نعرے بھی لگائے گئے، جس کی وجہ سے امراوتی میں کرفیو لگا دیا گیا، انٹرنیٹ کی سہولت بھی بند کر دی گئی۔ اس پورے معاملے میں اب تک بی جے پی کے پانچ لیڈروں کو مقامی پولس نے گرفتار کیا ہے۔
گرفتار لیڈروں میں جینت دہنکر، بادل کلکرنی، پرنیت سونی، لاوینا ہرشی اور سندھیا ٹکلے شامل ہیں۔ سبھی کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com