ملک کی ترقی کا راز اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور جدیدتعلیم سے آراستہ ہونے میں مضمر

انیس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام نرسری ٹیچر ٹریننگ اسکول کے افتتاح کے موقع پر مولانا انیس الرحمن قاسمی کا خطاب

بتیا: (شاکرعرفات) آج کے اس پرآشوب اور تیز رفتار دور میں صرف بنیادی تعلیم سے قوم و ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے، بلکہ قوم اور ملک کی ترقی کا راز اعلی تعلیم حاصل کرنے اور جدید تعلیم سے آراستہ ہونے میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے انیس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ساٹھی کے کٹہری گاؤں میں منعقدایک میٹنگ اور نرسری ٹیچر ٹریننگ اسکول کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دور کمپیوٹر، سائنس اور صنعتی ترقی کا دور ہے۔ بنیادی عصری تعلیم ٹیکنیکل، انجینئرنگ، میڈیکل اور مختلف جدید علوم کا حاصل کرنا آج کے دور کا لازمی تقاضا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے نونہالوں کے سنہرے مستقبل کے لیے جدید علوم سے لیس کالج میں دی جانے والی معیاری تعلیم سے استفادہ کریں۔ٹرسٹ کے سکریٹری انجینئر عبیدالرحمن نے این ٹی ٹی کورس کے متعلق بتایاکہ یہ کورس اے آئی ایس سی سی ٹی اکیڈمی کے ذریعہ چلایا جارہا ہے جو یوجی سی کے ذریعہ منظور شدہ ہے۔ اب تک یہ کورس پنجاب، اترپردیش اوردوسری ریاستوں میں دستیاب تھا، بہار میں یہ پہلا ادارہ ہے جہاں یہ سہولت میسر ہے۔ اس موقع پرمجیب الرحمن، پرنسپل ابھے کمار، اجے راؤ، وویک کمار، محمد رضوان، اشونی کمار، نوبل کمار، محمدمقیم، اروندکمار، رویندر پاسوان، جاوید اختر اور محمداعظم  وغیرہ موجود تھے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com