گوا کے وزیر سیکس اسکینڈل میں ملوث، ثبوت مٹانے کی کوشش میں وزیر اعلیٰ: کانگریس

پنجی: گوا کانگریس کے صدر گریش چوڈانکر نے منگل کے روز سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ گوا کے ایک کابینی وزیر جنسی اسکینڈل میں شامل ہیں اور وزیر اعلیٰ پرمود ساونت کو اس کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ معاملہ سے وابستہ ثبوتوں کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پنجی میں پارٹی کے صدر دفتر میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے گریش چوڈانکر نے کہا کہ اگر ساونت نے مذکورہ وزیر کو اپنی وزارتی کونسل سے برخاست نہیں کیا تو کانگریس 19 دسمبر کو وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے مجوزہ گوا دورے سے قبل تصویر، ویڈیو اور واٹس ایپ چیٹ پر مبنی ثبوتوں کو عام کر دے گی۔
چوڈانکر نے پریس کانفرنس سے کہا، ”گوا حکومت کا ایک وزیر ایک جنسی اسکینڈل میں ملوث ہے۔ اپنے وزارتی عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے وہ ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کر رہا ہے۔ جب ایک وزیر حکومت میں اپنی حیثیت اور طاقت کا غلط استعمال کرتا ہے، تو یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔”
انہوں نے کہا، “تصویر اور ویڈیو میں وزیر ایک خاتون کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور جس طرح سے وہ خاتون سے بات کر رہے ہیں وہ ایم ایل اے بننے کے لائق بھی نظر نہیں آ رہے۔ آڈیو میں آپ سن سکتے ہیں کہ کس طرح جنسی زیادتی کے بعد عورت اپنے حقوق کا مطالبہ کرتی ہے اور وزیر کہتا ہے کہ میں ایک وزیر ہوں اور میں کچھ بھی کر سکتا ہوں۔ وزیر نے خاتون سے اسقاط حمل کرانے کے لیے کہا لیکن خاتون نے انکار کر دیا۔”
چوڈانکر نے نامعلوم وزیر کے خلاف الزامات ایسے وقت میں عائد کئے ہیں جب گوا بی جے پی کے جنرل سکریٹری دامو نائک نے ایک دن پہلے چوڈانکر پر حکمراں حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کا الزام لگایا تھا۔ چوڈانکر نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اپنے وزیر کے خلاف ملٹی میڈیا شواہد سے واقف ہیں اور وہ انہیں تباہ کرنے کے لیے ریاستی پولیس فورس کا استعمال کر رہے ہیں۔
چوڈانکر نے کہا، ”یہ معاملہ وزیر اعلیٰ تک پہنچ گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے ویڈیو اور آڈیو دیکھے ہیں، انہوں نے واٹس ایپ چیٹ بھی دیکھی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام تصاویر دیکھی ہیں اور میں اس وقت حیران رہ گیا جب ایک وزیر کے بارے میں ایسا مواد وزیر اعلیٰ کے پاس پہنچا اور انہوں نے اس کا دفاع کرنا جاری رکھا۔”
ساونت پر ثبوت تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر تو گناہ کا مرتکب ہوا ہے لیکن وزیر اعلیٰ سے تو گناہ عظیم سرزدہو رہا ہے۔ چوڈانکر نے خبردار کیا کہ اگر ساونت نے 15 دنوں کے اندر وزیر کو برطرف نہیں کیا اور اپنے کابینہ کے ساتھی کے خلاف مجرمانہ کارروائی نہیں کی تو وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے گوا کے دورے سے قبل ثبوتوں کو عام کر دیں گے۔
ریاستی کانگریس صدر نے کہا، ”وزیر اعظم کے 19 دسمبر کو گوا پہنچنے سے قبل آپ کو اس وزیر کو کابینہ سے برطرف کر دینا چاہیے ورنہ ہم وزیر اعظم کے گوا پہنچنے سے قبل ثبوتوں کو عام کرنے پر مجبور ہوں گے۔”
(بشکریہ قومی آواز)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com