کانگریس کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے یوگی حکومت حواس باختہ: بگھیل

چھتس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ بی جے پی حکومت یوپی میں کانگریس کی عوامی مقبولیت کو دیکھ کر گھبرا گئی ہے اور انتظامیہ کی طاقت کے سہارے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔
کسان سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے بگھیل نے کہا کہ بی جے پی حکومت جب سے مرکز اور ریاست میں اقتدا رمیں آئی ہے تب سے مہنگائی لگاتار بڑھ رہی ہے۔ حکومت کے پاس روک تھام کے لئے کوئی حل نہیں ہے اب ان کو صرف عوام ہی سبق سکھا سکتے ہیں اور سبق دینے کا وقت آگیا ہے ،آنے والے اسمبلی انتخابات میں متحد ہوکر ان کی وداع کردیں مہنگائی اپنے آپ کم ہوجائے گی۔حال ہی میں ہوئے ضمنی انتخابات میں ہماچل پردیش اور کرناٹک کی عوام نے انہیں سبق سکھا دیا ہے اور وہاں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گراوٹ آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے کسان دن رات محنت کرتے ہیں لیکن جب انہیں فصل سینچنے کی ضرورت ہوتی ہے تو ڈیزل کا استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن یہاں تو ڈیزل کی قیمتیں ہی آسمان سے اوپر ہیں اور کسان مجبور ہوکر مہنگے ڈیزل سے سینچائی کرتے ہیں۔سینچائی کے لئے بجلی موٹروں کا انتظام نہیں ہے ایسی مہنگائی سے ابھرنے کے لئے سبھی لوگ متحد ہوکر کانگریس کی حمایت کریں ،مہنگائی اپنے آپ کم ہوجائے گی۔ ڈیزل پٹرول کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ درج کی جائے گی۔
بی جے پی کی یوگی حکومت چاہ رہی تھی کہ میں یہاں نہ آؤں اس لئے انتظامیہ نے میرے ہیلی کاپٹر نہیں اترنے دیا جس کی وجہ سے مجھے جائے ریلی تک تقریبا 30کلومیٹر کا سفر گاڑی سے طے کرنا پڑا لیکن ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ ہم کسانوں سے اپنی بات کہنے اور ان کی بات سننے آئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ جب مرکز میں کانگریس پارٹی کی حکومت تھی تب بی جےپی سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے کہتی تھی کہ ہم کسانوں کے مفاد کے لئے کام کریں گے اور جب ان کی حکومت مرکز اور ریاست دونوں جگہوں پر آگئی تو کسانوں، نوجوانوں کو بھول گئے اور جھوٹا وعدہ کررہے ہیں کہ ہم کسانوں کے مفاد کے لئے کام کررہے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com