اجودھیا: جے پی نڈا نے دس دیگر ریاستوں کے وزراء اعلیٰ کے ساتھ کیا رام للا کا درشن، نہیں پہنچے یوگی

اترپردیش کے ضلع اجودھیا میں بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراۓ نے اپنی اہلیہ کے ساتھ دستک دی تو وہیں ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ کی آمد کا اجودھیا کے باشندے انتظار ہی کرتے رہ گئے۔
اجودھیا کو اترپردیش کے وزیر اعلی کی میزبانی میں دس دیگر ریاستوں کے وزراء اعلی کے استقبال کے لئے خوب سجایا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ یوگی بدھ کو دوپہر بعد اجودھیا پہنچ کر دیگر ریاستوں کے وزراء اعلی کے ساتھ رام جنم بھومی پر رام للا کا درشن کریں گے۔ لیکن ریاست کے میزبان وزیر اعلی اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد شام تک دیگر پروگراموں میں مصروف رہے اور اجودھیا نہیں پہنچے۔
تاہم اس ضمن میں اجودھیا کے ڈی ایم نتین کمار نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی آمد کا کوئی پروگرام پہلے سے شیڈول ہی نہیں تھا۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلی تین دن کے اترپردیش کے دورے پر تھے۔ دو دن کاشی میں قیام کے بعد سبھی وزراء اعلی نے بدھ کو بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کے ساتھ اجودھیا پہنچ کر رام للا کا درشن کیا۔ یہ بات دیگر ہے کہ بی جے پی کے مقامی لیڈروں کے ذریعہ یوگی کی آمد کا زور و شور سے مشتہر کیا گیا تھا۔
نڈا کے ساتھ دیگر بی جے پی وزراء مختلف مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مشغول رہے۔ تب تک اجودھیا والوں میں یہ خبر گردش کرتی رہی کہ رام للا کے درشن کے وقت دیگر ریاستوں کے وزراء اعلی کے ساتھ یوگی بھی شامل ہونگے۔ لیکن نڈا اور وزرائے اعلی کی اجودھیا سے واپسی تک یوگی اجودھیا نہیں پہنچے۔ یہاں تک سنت۔ دھرم اچاریوں کے درمیان بھی اس اہم تقریب میں وزیر اعلی یوگی کے شرکت کرنے کی خبر گردش میں تھی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com