پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخاب کے بعد ووٹ شماری شروع ہونے سے دو دن پہلے منگل کو سپریم کورٹ ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے لیے تیار ہو گیا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وی وی پیٹ کا سرٹیفکیشن ووٹ شماری کے بعد نہیں، بلکہ اس سے پہلے ہونا چاہیے۔ سینئر وکیل میناکشی اروڑا نے چیف جسٹس این وی رمنا کی صدارت والی جسٹس اے ایس بوپنا اور ہما کوہلی کی بنچ کے سامنے عرضی کا تذکرہ کیا۔ بنچ نے اروڑا سے پوچھا کہ ووٹ شماری پرسوں ہے اور انھوں نے اب عرضی کا تذکرہ کیا ہے؟ اروڑا نے بدھ کو عرضی پر سماعت کے لیے دباؤ ڈالا، کیونکہ ووٹ شماری پرسوں ہے۔
بنچ نے وکیل میناکشی اروڑا کو عرضی کے بارے میں انتخابی کمیشن کو مطلع کرنے کے لیے کہا اور کہا کہ عدالت بدھ کو اس معاملے کی جانچ کرے گی۔ مختصر سماعت کے دوران بنچ نے 2019 کی ہدایات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ عرضی میں ہر انتخابی حلقہ میں ایک بوتھ کی جگہ پانچ بوتھوں پر ای وی ایم کے وی وی پیٹ سرٹیفکیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے جو کہ موجودہ روایت ہے۔ اپریل 2019 میں سپریم کورٹ نے انتخابی کمیشن کو ووٹر-ویریفائیڈ پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پیٹ) پرچیوں کو ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) فی اسمبلی حلقہ سے بڑھا کر پانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔