گیان واپی مسجد معاملہ: سروے پر عدالت کا فیصلہ آج سنائے جانے کی توقع

گیان واپی مسجد کے حوالہ سے سروے پر غیر یقینی صورت حال سے بدھ یعنی آج پردہ اٹھ سکتا ہے، وارانسی کی ضلع عدالت میں اس معاملہ پر آج پھر سماعت ہونے جا رہی ہے

وارانسی: گیان واپی مسجد کے حوالہ سے سروے پر سسپنس سے آج پردہ اٹھا سکتا ہے کیونکہ آج وارانسی کی ضلع عدالت میں اس معاملہ پر سماعت کرنے جا رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ عدالت آج گیان واپی معاملہ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ سنا سکتی ہے۔ وارانسی کی عدالت اس معاملہ پر آج دوپہر 2 بجے سماعت کرے گی۔

گیان واپی معاملہ میں فیصلہ سنائے جانے کی توقع اس لئے کی جا رہی ہے کیونکہ منگل کے روز سماعت کے دوران جج نے کہا تھا کہ ضرورت پڑی کو عدالت خود موقع پر جائے گی اور کمیشن کی کارروائی انجام دے گی۔ عدالت میں سماعت کے دوران جج کے اس بیان سے دونوں فریقین نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں فریقوں کا کہنا ہے کہ جج کی موجودگی میں سروے ہوگا تو اس پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

قبل ازیں، کورٹ کمشنر کی تبدیلی کے سوال پر عدالت میں دونوں فریقین میں خوب بحث ہوئی۔ ہندو فریق نے دلیل دی کہ سروے کا کام شروع ہو چکا ہے، لہذا کورٹ کمشنر کو تبدیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، جبکہ مسلمانوں کی دلیل ہے کہ سروے کا کام دوبارہ کرایا جائے۔

فی الحال سب کی نگاہیں وارانسی ضلع عدالت کے فیصلہ پر مرکوز ہیں، اب دیکھنا ہے کہ جج سروے کے لئے کیا نئی تاریخ مقرر کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ گیان واپی مسجد میں سروے پر گھمسان مچا ہوا ہے۔ ہندو اور مسلم فریقین مد مقابل ہیں۔ مسجد کے سروے کے لئے دو دن تک ٹیم پہنچی لیکن سروے نہیں ہو پایا۔

(بشکریہ قومی آواز) 

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com