نئی دہلی : آل انڈیا ملی کونسل نے پڑوسی ملک افغانستان میں آئے شدید زلزلے کے جھٹکے اور تقریباً ایک ہزار انسانوں کے جانی اتلاف پر سخت غم وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک کے لوگوں کے ساتھ اپنی غیرمعمولی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ کونسل سے جاری بیان میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ بی بی سی اور دیگر ذرائع ابلاغ سے موصولہ اطلاع کے مطابق دودہائی کے بعد کے زلزلے کے اس واقعہ میں فی الوقت 920/ افراد کی جانیں تلف ہوئی ہیں جبکہ 600/ سے زائد لوگ شدید طور پر زخمی حالت میں ہیں جنھیں ہیلی کاپٹر اور دیگر ذرائع سے ہسپتالوں میں علاج کے لیے بھیجا جارہا ہے۔ جنرل سکریٹری ملی کونسل نے یہ بھی کہا کہ آفت کی اس گھڑی میں ملی کونسل افغانستان کے لوگوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ رب العالمین سے دعا ہے کہ اس حادثۂ فاجعہ میں جن لوگوں کی موت ہوگئی ہے اللہ ان کی مغفرت کرے اور جو لوگ زخمی اور زیرعلاج ہیں ان کو جلد ازجلد شفا عطا فرمائے۔
جنرل سکریٹری ملی کونسل نے آفت کی اس گھڑی میں تمام حساس انسانوں اور بالخصوص سرکاری وغیرسرکاری تنظیموں سے متاثرین زلزلہ کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ 6.1 رینجتر پیمانے کے ساتھ آئے اس شدید زلزلے سے جو جانی نقصانات ہوئے ہیں ان پر تمام فلاحی انجمنوں اور اداروں کو بھی ہر قسم کی امداد پہنچانے کے لیے اپنی اپنی سطح سے کوشش کرنی چاہیے تاکہ جن لوگوں کے افراد خانہ اپنی ضرورتوں کی کفالت کرنے سے عاجز ہیں، انھیں بروقت امداد واعانت مل پائے۔ ایسے موقع پر ہم سبھوں کا دینی واخلاقی فریضہ ہے کہ قدرتی آفت کے اس موقع پر متاثرین کی زیادہ سے زیادہ اعانت کریں۔






