ڈاکٹر محمد خلیل عباس صدیقی کا انتقال عظیم خسارہ، وہ متعدد خوبیوں کے حامل تھے: ڈاکٹر منظور عالم

نئی دہلی: (پریس ریلیز) پروفیسر محمد خلیل عباس صدیقی عظیم دانشور ، متعدد خوبیوں کے پیکر اور عظیم اوصاف کے حامل تھے۔ ان کا انتقال ملک وملت کیلئے ایک بڑا خسارہ ہے اور آئی او ایس کا بھی ناقابل نقصان ہے کیونکہ وہ اول دن سے آئی او ایس کے ساتھ تھے اور ہر مشن،تحریک اور منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش رہتے تھے۔ علم وتحقیق کو آگے بڑھانے اور اس کی فضاءکو قائم کرنے کی ان میں بے پناہ خوبیاں تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔

 مرحوم ڈاکٹر خلیل عباس صدیقی آئی او ایس کے کولکاتا چیپٹر کے ذمہ دار تھے ، انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز سے ان کا گہرا اور قدیم تعلق تھا ، آئی او ایس کو ان کی متعدد خدمات حاصل رہی ہیں ، کئی پروجیکٹ پر انہوں نے کا م بھی کیاتھا ، سوشولوجی اور انتھروپولوجی کے موضوعات پر انہوں نے آئی او ایس کو اپنی خدمات دی تھیں ، ” دنیا میں امت مسلمہ کا انسائیکلوپیڈیا “ کے موضوع پر پانچ جلدوں میں انہوں نے کتاب تصنیف کیا جو آئی او ایس کی اہم ترین مطبوعات میں سر فہرست ہے ، ا س کے علاوہ ان کی اہم کتابوں میں ” آزاد ہندوستان میں مسلمان ان کے سماجی مسائل اور مشکلات “۔ انسٹی ٹیوشن اینڈ ایسوسی ایشن آف مسلمس ان کولکاتا“۔”بھارت میں پسماندہ مسلمان“۔ ہندو۔ مسلم اتحاد اور بھارت کا سماجی تانا بانا“ جیسی ان کی کچھ اہم تصنیفا ت ہیں جو انہوں نے آئی او ایسی سے وابستہ رہتے ہوئے تحریر کیا اور انسٹی ٹیوٹ سے یہ کتابیں شائع ہوئی ہیں۔

 مرحوم صدیقی کی ولادت برٹش انڈیا میں 20 جنوری 1929 میں ہوئی تھی ، سوشولوجی سے انہوں نے ایم اے کیا۔ انتھرو پولوجی میں انہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ متعدد علمی ، سماجی اور اکیڈمک امور سے ان کا تعلق رہا۔

 مرحوم صدیقی کی وفات پر آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ شدید خسارہ ہے اور میرا ذاتی نقصان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان میں گہرائی اور گیرائی تھی ، وہ امت مسلمہ کے ماضی اور حال دونوں سے بخوبی واقف تھے اور اسی کی روشنی میں ملت کی رہنمائی فرمارہے تھے۔ اس موقع پر آئی او ایس کے دیگر ذمہ داران اور اسٹاف نے بھی رنج وغم کا اظہار کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطائ فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com