موتیہاری: ( فضل المبین) اسلام امن وسلامتی کا دین ہے، اسلام کے معنی اطاعت اور امن وسلامتی کے ہیں، یعنی مسلمان جہاں اطاعت الٰہی کا نمونہ ہے وہاں امن وسلامتی کا پیکر بھی ہے ۔ اسلام فساد اور دہشت گردی کو مٹانے آیا ہے
مذکورہ باتیں ڈھاکہ جامع مسجد کے سکریٹری حاجی شمیم نے کہیں ، اُنہوں نے کہا کہ : اگر کوئی شخص اپنے آپ کو مسلمان بتاکر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے تو اس کا یقینا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ اسلام ملک سے محبت و ہمدردی کا درس دیتا ہے ۔
جناب شمیم نے کہا کہ: گزشتہ دنوں ڈھاکہ میں ہوئی این آئی اے کی چھاپہ ماری میں گرفتار اصغر علی کا ڈھاکہ جامع مسجد سے کوئی تعلق نہیں تھا ، اس کی گرفتاری کے بعد ایک اخبار انقلاب نے اصغر علی کا جامع مسجد سے تعلق بتایا تھا ، اس طرح کی تمام خبروں کی جامع مسجد تردید کرتا ہے ۔
جامع مسجد کے کمرہ سے سامان برآمد ہونے کی سلسلہ میں بتایا کہ : وہ کمرہ نائب امام کو الاٹ تھا اور اصغر علی ان کے مدرسہ کا اسٹاف ہونے کی حیثیت سے کبھی کبھی آتا جاتا تھا ، اُنہوں نے کہا کہ : نائب امام کے کمرے سے جو سامان برآمد ہوئے ہیں ، اس کو لیکر انتظامیہ کمیٹی نے نائب امام کو فی الحال ذمہ داریوں سے بری کر دیا ہے ۔
اخیر میں اُنہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ : اصغر علی کا مسجد سے کوئی تعلق نہیں تھا ، اگر اصغر علی ملک مخالف سرگرمیوں کا حصہ ہے تو اس پر سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔
واضح ہو کہ گزشتہ منگل کو این آئی اے ٹیم نے ڈھاکہ کے ایک مدرسہ میں چھاپہ ماری کرکے ملک مخلف سرگرمیوں میں شامل اصغر علی کو گرفتار کیا تھا جو کہ ضلع مشرقی چمپارن کے پلنوا تھانہ کے گاج سیسونیا کا باشندہ ہے ۔ جس کے بعد آج جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کی نشست منعقد ہوئی اور جامع مسجد کے انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے یہ پریس ریلیز کیا گیا۔






