نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف ملی رہنما اور جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر مولانا سید جلال الدین عمری کا طویل علالت کے بعد جا معہ نگر کے الشفا ہسپتال میں آج رات کو نو بجے انتقال ہوگیا۔ نماز ہ جنازہ جماعت اسلامی ہند کے احاطہ میں کل بروز سنیچر27 اگست 2022 کو صبح دس بجے ادا کی جائے گی ۔
مولانا جلال الدین عمری کی وفات پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عظیم خسارہ بتایا اور کہاکہ مولانا ملت اسلامیہ کے ہند کے عظیم قائد تھے جس سے آج پورا ہندوستان محروم ہوگیا ۔ وہ سنجید مزاج ، دور رس اور ہمہ جہت خوبیوں کے حامل تھے ۔
ڈاکٹرمنظور عالم نے مزید کہاکہ میں انہیں پیر ومرشد مانتاتھا اور کئی مرتبہ عوامی مقامات اور اسٹیج پر میں اس کا اعتراف بھی کیا ، ان میں گہرائی اور گیرائی تھی ، فکر ونظرت میں بے پناہ وسعت تھی ، وہ ہمیشہ اپنے ہم عصروں اور عزیزوں کے ساتھ محبت ، شفقف اور نرمی کے ساتھ پیش آتے تھے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کی جانب سے جب بھی دعوت دی جاتی تھی اسے بسر وچشم قبول کرتے تھے اور آتے تھے ۔
انہوں نے بھی یہ کہاکہ ابھی گذشتہ سال جون 2021 میں ہی ان کی علمی ، سماجی اور ملی خدمات کی بنیاد پر آئی او ایس کی جانب سے چودہواں شاہ ولی اللہ ایوارڈ سے انہیں سرفراز کیاگیاتھا۔
مولانا مرحوم فی الوقت جماعت اسلامی ہند کی شرعیہ کونسل کے چیئر مین تھے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے نائب صدر بھی تھے ۔ اللہ تعالی حوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔