دنیا میں ایسے خود غرض لوگوں کی کوئی کمی نہیں جواپنے تھوڑے سے مفاد کیلئے دوسروں کو بڑے سے بڑا نقصان پہنچانے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔ ایسا ایک واقعہ امریکہ میں بھی پیش آیا جہاں ایک بے گھر امریکی نے صرف اس لئے ایک رہائشی عمارت کو ہی آگ لگا دی کیونکہ اسے سردی لگ رہی تھی۔ امریکی ویب سائٹ کے مطابق ریاست لوزیانا میں رہائشی عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 2 گھنٹوں تک تو عمارت کے مکینوں کو بھی اس بات کا پتہ نہ چلا کہ ان کے آشیانے شعلوں کی لپیٹ میں ہیں، انہیں اس واقعہ کا علم اس وقت ہوا جب اطراف کی عمارتیں بھی آگ کی لپیٹ میں آچکی تھیں۔ مقامی انتظامیہ نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا، اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان تو نہ ہوا لیکن لاکھوں ڈالر کا مالی نقصان ضرور ہوا۔پولیس نے تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ یہ آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی تھی اور اس کا ذمہ دار ایک بے گھر شخص ہے ۔ 25 سالہ ڈارین ڈینلے کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش کی گئی، پولیس اہلکاروں کے سامنے اس نے ناصرف اپنا جرم قبول کیا بلکہ اس کی وجہ بھی بتائی جسے سن کر پولیس والے ششدر رہ گئے ۔ ڈارین نے کہا کہ اسے شدید سردی لگ رہی تھی اور وہ خود کو گرم رکھنا چاہتا تھا لیکن اس کے پاس اس کے لئے کوئی بندوبست نہیں تھا اس لئے اس نے یہ کام کیا۔