سابق صدر جمہوریہ کے یومِ پیدائش پر ‘ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے سماجی و سائنسی افکار’ کے عنوان سے مسابقۂ مضمون نگاری
نئی دہلی: ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ایک سچے دیش بھکت اور سماجی ومذہبی ہم آہنگی کا استعارہ تھے۔ وہ ہندوستان میں سائنسی وروحانی ترقی کے خواہاں تھے۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے سابق صدرجمہوریہ ہند اور عظیم سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش کےموقعے پرانھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ شیخ عقیل نے کہا کہ ان کے نزدیک تعلیم کی غیر معمولی اہمیت تھی اور وہ بھارت کے تمام طبقات کی تعلیم پر زور دیتے تھے، اسی وجہ سے 15 اکتوبر کو World Student’s Day کے طور بھی منایاجاتاہے۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے بھارت کے نوجوانوں اورخاص طور پر طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘‘خواب وہ نہیں ہیں، جو آپ سوتے ہوئے دیکھتے ہیں، بلکہ وہ ہیں، جو آپ کو سونے نہیں دیتے۔’’ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام کا نظریہ یہ تھا کہ اساتذہ معاشرے کے معمار ہوتے ہیں اور معاشرہ اسی وقت تعلیم یافتہ بن سکتا ہے جب طلبا کو اپنے مضامین میں مہارت حاصل ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں طلبا کو زندگی کا وژن فراہم کرنا ہے اور انھیں بنیادی اخلاقی اقدار سے لیس کرنا ہے۔
ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے ان وقیع خیالات کو عملی جامہ پہنانے اور طلبا کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دینے کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 18 سال تک کے طلبا و طالبات کے لیے مسابقۂ مضمون نویسی کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس کا عنوان ہے ’ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے سماجی و سائنسی افکار‘۔ اس مسابقے کے تعلق سے ضروری تفصیلات قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی ویب سائٹ www.urducouncil.nic.in پر دیکھی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں ہندوستان کے تمام نوجوان طلبا و طالبات سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مسابقے میں ضرور حصہ لیں اور ساتھ ہی ڈاکٹر کلام کے افکار و تصورات کو اپنی زندگی اور کیریئر میں شامل کرنے کی کوشش کریں، تاکہ ایسے ہندوستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکیں، جس کا خواب ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے دیکھا تھا۔