بھوپال: (پریس ریلیز) دیوبند ویکیمیڈیا نے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میںویکیپیڈیا کے ذریعہ مذہب اسلام کی اہم شخصیات اور دیوبندمکاتب فکر کو متعارف کرانے کیلئے پانچ روزہ ورکشاپ کرنے کا فیصلہ کیا جس کا آغاز ہوچکاہے ۔یہ ورکشاپ فوٹو سے متعلق ہے ۔
بھوپال فوٹو تقریب کے مقصد پر بات کرتے ہوئے دیوبند ویکیمیڈیاکے رکن مفتی زہیر خان قاسمی نے بتایا کہ شہر بھوپال کے دیوبندی اسکالرشپ سے پرانے تعلقات ہیں اور یہ تاریخ کی نذر ہوچکے ہیں. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس علمی ورثے کو دستاویزی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم یہ کام انجام دینا چاہتے ہیں۔
تقریب سے متعلق دیوبند ویکیمیڈیا کی میٹا—ویکی پر شایع شدہ معلومات کے مطابق اس تقریب کو انجام دینے والے چار لوگ ہیں جن میں دیوبند ویکیمیڈیا کے بانی عاقب انجم عافی موجود ہیں. عافی صاحب نے ملت ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھوپال فوٹو تقریب ایک چھوٹی سی پہل ہے اور ان کی کوشش یہ ہے کہ عالم بھر میں چھائی ہوئی دیوبندی اسکالرشپ کو ویکیپیڈیائی منصوبوں کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کروائیں۔
اس بات کا ذکر ناگزیر معلوم ہوتا ہے کہ دیوبند ویکیمیڈیا کو جولائی 2021 میں عاقب انجم عافی نے قائم کیا تھا اور اسے جنوری 2022 میں ویکیمیڈیا کی جانب سے منظوری ملی تھی، یہ چند ایسے لوگوں کی انجمن ہے جو بلا کسی معاشی فائدے کے دیوبندی اسکالرشپ کو عالمی سطح پر دستاویزی بنانے کی فکر کرتے ہیں۔