نئی دہلی: (پریس ریلیز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد میں اردو صحافت کے دو سو برس مکمل ہونے پر تین روزہ جشن، کاروان اردو صحافت کا افتتاح ہوا، جس میں ملک بھر سے میدان صحافت سے وابستہ افراد شرکت کر رہے ہیں، جس میں اردو کے علاوہ دیگر زبانوں کے سینئر جرنلسٹ بھی شرکت کر رہے ہیں.
آج کے افتتاحی پروگرام میں ایشیا ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اشرف علی بستوی کی کتاب ” کارپوریٹ میڈیا- ایک جائزہ ” کا رسم اجرا عمل میں آیا۔
یہ کتاب پچھلے ایک دہائی کا قومی و بین الاقوامی میڈیا کے غیر دیانت دارانہ رویہ کا دستاویزہے ۔ اطلاعاتی حسرت اورابلاغی غربت کا شکار ملت اسلامیہ ہند کو میڈیا کی اہمیت وافادیت کا حقیقی ادراک کرانے کی ایک کوشش ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں میڈیا کی زیادتیوں پرمعاشرے کا رویہ کیا رہا خصوصا مسلم معاشرے کا کتاب میں وہ بھی سامنے لا دیا گیا ہے ۔ دینی حلقوں میں میڈیا کے پیشے کو مکمل اعتبار حاصل نہ ہوپانے کو نشان زد کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر کارپوریٹ میڈیا کی ریشہ دوانیاں کس کس شکل میں جاری ہیں من و عن رپورٹ کرنے کی کوشش کی ہے ۔
یہ پروگرام مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیش کے شعبہ کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، اگلے تین روز تک اردو صحافت کے ماضی حال اور مستقبل کے مختلف پہلوؤں پر مذاکرہ ہوگا۔