پٹنہ: (پریس ریلیز) بہارقومی اساتذہ تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ یک روزہ سمینار بعنوان ” قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ کے تحت بہار میں اردوتعلیم و تعلم کا مستقبل“ کے موقع پر تنظیم کی جانب سے الکٹرانک میڈیا کے شعبے میں سرگرم اور نمایاں خدمات انجام دینے والے ای ٹی وی بھارت اردو پٹنہ کے نوجوان صحافی و متعدد کتابوں کے مصنف و مولف محمد عارف اقبال کو ” ونود دؤا“ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔عارف اقبال کو یہ ایوارڈ ریاستی حکومت میں تعمیر عمارت کے وزیر و جدیو کے سینئر رہنما ڈاکٹر اشوک چودھری کے ہاتھوں دیا گیا۔ ایوارڈ میں میمنٹو، توصیفی سند اور شال پیش کیا گیا۔ تنظیم ریاستی کنوینر محمد رفیع و ریاستی سکریٹری محمد تاج الدین کے مطابق تنظیم ہر سال صوبائی سطح پر صحافت کے شعبہ میں قابل قدر خدمات انجام دینے والے چندصحافیوں کو ان کی صحافتی سرگرمیوں کو دیکھ کر منتخب کرتی ہے اور خدمات کے اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ پیش کرتی ہے۔ ضلع دربھنگہ سے تعلق رکھنے والے عارف اقبال کا شمار ان صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے قلیل مدت میں اپنی محنت، لگن اور بہترین رپورٹنگ کی وجہ سے قومی سطح پر شناخت قائم کی ہے۔ عارف اقبال کے اس حصولیابی پر سیاسی، سماجی، صحافتی، مذہبی اور ادب سے تعلق رکھنے والے سرکردہ شخصیات نے مبارک باد پیش کی ہے جن میں سابق مرکزی وزیر امور داخلہ ڈاکٹر شکیل احمد، محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان، سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم، محکمہ آفات کے وزیر شاہنواز عالم، نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی، ہفت روزہ نقیب کے مدیر و نائب ناظم مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی، پروفیسر صفدر امام قادری صدر شعبہ اردو کالج آف کامرس، اسلم حسن ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس، پروفیسر شہاب ظفر اعظمی صدر شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی، رکن اسمبلی ڈاکٹر شکیل خان، رکن اسمبلی اخترالایمان، رکن قانون ساز کونسل قاری صہیب، پروفیسر شکیل قاسمی اورینٹل کالج، امتیاز احمد کریمی رکن بی پی ایس سی، مشتاق احمد نوری سابق سکریٹری بہار اردو اکادمی، انجینئر محمد آصف رضا، نورالسلام ندوی، صفی اختر، مفتی ہمایوں اقبال ندوی ارریہ کے نام شامل ہیں۔