نیا سال کردار سازی اور خواب غفلت سے بیداری کا سال ہو: حجۃ الاسلام سیدمحمود حسن رضوی

حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر حجۃ الاسلام سید محمود حسن رضوی نے نئے سال کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا اور کہا: ہمیں اپنے ماضی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی گزشتہ سال کے حوادث اور واقعات سے عبرت اور تجربہ حاصل کرنے اور نئے سال کے لئے نئے منصوبے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا: نیا سال ہمارے لئے ثابت قدمی، ایثار، حب الوطنی اور یکجہتی کا سال ہو، سال کے آخر میں جب دسمبر کا مہینے آتا ہے تو ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہماری حیات کا ایک سال اور کم ہو گیا، ہم نئے سال کو اس امید کے ساتھ گلے لگاتے ہیں کہ شاید یہ وہی سال ہو جب ہمارے حالات بہتر ہوں گے اور امیدیں حقیقت میں تبدیل ہو جائیں گی۔

حوزہ نیوز اردو کے چیف ایڈیٹر نے ایک اہم نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہمیں اس چیز کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے سال گزشتہ کیا پایا اور کیا کھویا، ہم نے کس کس کا دل دکھایا، کتنے ضرورت مندوں کی مدد کی، عبادت خدا میں کتنا وقت گزارا، والدین کی کتنی خدمت کی، رشتہ داروں کے ساتھ کس درجہ صلہ رحمی کی، لوگوں کے حقوق کو کہاں تک ادا کیا!۔ ماضی کا محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں نئے سال کے لئے نئے منصوبے بھی بنانے اور گزشتہ کوتاہیوں کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک مشہور حدیث کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: امام نے فرمایا: أَبِی عَبْدِ اللَّهِ (علیه‌السلام) قَالَ: لَیْسَ مِنَّا مَنْ لَمْ‌ یُحَاسِبْ‌ نَفْسَهُ‌ فِی کُلِّ یَوْمٍ فَإِنْ عَمِلَ خَیْراً (حَسَناً) اسْتَزَادَ اللَّهَ مِنْهُ وَ حَمِدَ اللَّهَ عَلَیْهِ وَ إِنْ عَمِلَ شَرّاً اسْتَغْفَرَ اللَّهَ مِنْهُ وَ تَابَ إِلَیْهِ۔ وہ شخص ہم میں سے نہیں ہے جو ہر روز اپنے نفس کا محاسبہ نہ کرتا ہو، اگر اچھا عمل کیا ہو عمل کرنے کی توفیقات میں اضافے کی دعا مانگے اور حمد و ثنائے الہی کرے، اور اگر بُرے اعمال انجام دئے ہیں تو اللہ سے استغفار اور توبہ کرے۔

حجۃ الاسلام سید محمود حسن رضوی نے پیغام کے آخر میں دعائیہ کلمات جاری کئے اور کہا: ہماری دعا ہے کہ یہ نیا سال ہندوستان، تمام عالم اسلام اور دنیا کیلئے نزول رحمت الہی کا سبب قرار پائے، اور یہ سال ظہور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اور تعمیر جنت البقیع کا سال ہو، ساتھ ہی کردار سازی خواب غفلت سے بیداری، وبا سے نجات اور عالمی سطح پر خوشحالی کا سال ہو۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com