نئی دہلی: (پریس ریلیز) دارالعلوم صدیقیہ نبی کریم دہلی کے دو طالب علموں نے انتہائی کم عمر میں حفظ قرآن مکمل کرلیاہے اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں علماءکرام نے قرآن کریم کی فضیلت واہمیت پر گفتگو کی ۔ مدرسہ کے مہتمم مولانا انیس الرحمن نعمانی کے صاحبزدہ امداد اللہ رشیدی نے دس سال کی عمر میں حفظ مکمل کیا ہے اس کے علاوہ نو سال کی عمر میں ایک او ر طالب علم نے احمداللہ نے بھی حافظ ہونے کا رف حاصل کیا ہے۔ معروف خطیب مولانا مرتضی قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم کو حفظ کرنا اور اسے یاد کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس مہم کو عام کرنے کی ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچے حافظ قرآن بن سکیں ۔ قاری تنویر عالم امام وخطیب مسجد ابوبکر نبی کریم نے کہاکہ مکاتب اور مدارس کی تعداد کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹرشمس تبریز قاسمی نے کہاکہ نئی نسل کو دینی تعلیم سے محروم کرنے کی عالمگیر تحریک چلائی جارہی ہے اور مسلمانوں کا رشتہ مذہب سے کمزور کرنے کیلئے یہ کوشش ہورہی ہے کہ یہ لوگ مذہب کی تعلیم حاصل نہ کرسکیں ۔ ایسے موقع پر ضروری ہے کہ پوری توجہ کے ساتھ بچوں کو ابتداءمیں دینی تعلیم سے آراستہ کیا جائے جو والدین اس پر توجہ نہیں دیتے ہیں انہیں کے بچے آگے چل کر گمراہی کا راستہ اختیار کرتے ہیں او راس وقت افسوس ہوتاہے۔ اس موقع پرڈاکٹر ابو الخیر ۔ جاوید عالم، مولانا عامر ظفر قاسمی ، قاری نجم الہدی سمیت کئی لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہا رکیا ۔ اخیر میں ادارہ کے مہتمم مولانا انیس الرحمن نعمانی تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں بچوں کو انتہائی کمر عمر میں حافظ قرآن ہونے پر حاضرین نے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات سے نوازا ۔