جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ کے نئے کلینڈر ” تقویم الامام البخاری” کی رسم رونمائی

نئی دہلی: بہارکی معروف اور عظیم دینی درسگاہ جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ مدہوبنی ضلع سپول کے سالانہ کلینڈر’’تقویم الامام البخاری‘‘ کی رسم رونمائی امام قاسم اسلامک ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ انڈیا کے جامعہ نگر دہلی میں واقع آفس میں ہوئی۔ اس موقع پر اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے باحث مفتی احمد نادر القاسمی، جامعۃ القاسم کے صدر المدرسین مفتی محمد انصار قاسمی، روز نامہ انقلاب کے نیوز ایڈیٹر شاہ عالم اصلاحی، سینئرسب ایڈیٹر ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی، ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر صحافی شمس تبریز قاسمی ، جامعۃ القاسم کے شعبہ اصلاح معاشرہ کے نگراں مولانا یوسف انور قاسمی، مصعب انیس،مولانا محمد ارشد عالم ندوی اور آفس سیکرٹری قاری اکبر علی عثمانی موجود تھے۔

اس موقع پر مولانا مفتی محمد انصارقاسمی نے جامعۃ القاسم کی تعلیمی و رفاہی سرگرمیوں سے معززین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ بانی ٔجامعہ حضرت مولانا ‌ڈاکٹر مفتی محفوظ الرحمن عثمانی نورہ اللہ مرقدہ کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی کوششوں میں جامعہ کے موجودہ مہتمم قاری ظفر اقبال مدنی ، ذمہ داران اور اساتذہ و کارکنان ہمہ تن مصروف ہیں ، بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی بہترین تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس وقت حالات سازگار ہیں اس لئے طلبہ کی کثیر تعداد ہاسٹل میں موجود ہے جس کی مکمل کفالت جامعہ کے ذمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ امسال کئی پروگرام جامعہ میں منعقد ہوئے جن میں ملک اور بیرون ممالک کی مقتدر و باوقار شخصیات نے شرکت کیں اور جامعہ کی مہمات کو جاری رکھنے کا مشور دیا۔ مفتی محمد انصار نے بتایا کہ اس خوبصورت کلینڈر کی اشاعت بھی جامعہ کے اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ حضرت مفتی صاحب ہر سال اس کی اشاعت پر خاص توجہ دیتے تھے اور اسے خوب سے خوب تر بنانے کی پوری کوشش کرتے تھے۔ہم لوگوں نے بھی ’ تقویم الامام البخاری ‘ کے معیار اور حسن کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نےکہاکہ یہ صرف ایک کلینڈر نہیں ہے بلکہ جامعہ کا مکمل تعارف ہے جس میں تعلیم سے لے کر دیگر سرگرمیوں اور رفاہی کاموں کی تفصیل درج ہے اور مستقبل کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے توسط سے جہاں ہم نے اپنے بانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے وہیں اپنے محسنین و معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے، اس رونمائی میں شریک معززین نے کلینڈر کو نہ صرف پسند کیا بلکہ کہا کہ معیار کے اعتبار سے عمدہ اور معلومات کے اعتبار سے خوب تر ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com