دربھنگہ: (پریس ریلیز) خانوادہ عارفی کے بزرگ ترین رکن، شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد رشید اور سمستی پور کی شاہی عیدگاہ کے امام عیدین حضرت مولانا عبداللہ قاسمی کا آج صبح تقریباً 11 بجے سمستی پور میں انتقال ہوگیا، وہ عارف باللہ حضرت مولانا عبدالرحمن ہرسنگھ پوری رحمۃ اللہ علیہ کے بڑے صاحبزادے تھے، تعلیم سے فراغت کے بعد ہی سے وہ سمستی پور میں مقیم تھے، ایک طویل عرصے تک انہوں نے ترہت اکیڈمی سمستی پور میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیئے، شہر میں سب سے سینئر اور بزرگ عالم دین ہونے کی وجہ سے وہ شہر کی عیدگاہ کے امام عیدین بھی تھے، انتہائی نیک صفت اور عارف باللہ تھے، بہترین خطیب تھے، علامہ اقبال کے سینکڑوں اشعار ان کی زبان زد تھے جس کے ذریعے اپنی خطابت میں جان ڈال دیتے تھے، سمستی پور میں انتہائی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، درجنوں مدارس کے سرپرست تھے، امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے رکن تھے، آپ معروف فقیہ اور امارت شرعیہ کے قاضی القضاۃ حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے ہم سبق تھے، مدرسہ رحمانیہ سوپول کے مہتمم اور معروف عالم دین حضرت مولانا سعد اللہ صدیقی کے بڑے بھائی تھے، سمستی پور، دربھنگہ واطراف میں آپ کی دینی خدمات قدر کی نگاہوں سے دیکھے جاتے ہیں۔آپ کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا ہے۔