نادی الطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل کے سالانہ اجلاس کے افتتاحی پروگرام میں مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی کا خطاب
نئی دہلی: ابو الکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے اعلی تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل نئی دہلی میں آج نادی ا لطلبہ کے پانچ روزہ سالانہ اجلاس کا افتتاحی پروگرام سنٹر کے صدر مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی حفظہ اللہ کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ آغاز احمد عبد الغنی کی تلاوت سے ہوا۔ اس کے بعد محترم جناب مولانا شکیل احمد سنابلی وکیل جامعہ اسلامیہ سنابل صاحب نے افتتاحی کلمات پیش کیے، جس میں اس بات پر زور دیا کہ طلبہ قرآن وسنت میںپختگی اور مضبوطی حاصل کریں، نادی الطلبہ کے تحت ہونے والے جملہ پروگراموں کی قدر کرتے ہوئے اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اپنے آپ کو اخلاق حمیدہ اور تہذیب وثقافت سے متصف رکھیں۔ اس کے بعد مولانا محمد رحمانی مدنی نے طلبہ کو گراں قدر نصیحتوں سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ آپ انبیاء علیہم السلام کے وارث ہیں۔ لہٰذا آپ کی ذمہ داریاں بھی دوسروں کے بالمقابل زیادہ ہیں۔ آپ اپنے مقام اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں، نادی الطلبہ کا یہ سالانہ اجلاس بھی اسی لیے منعقد کرایا جاتاہے تاکہ آپ کے اندر ذمہ داری کا احساس ہو، آپ کے دل ودماغ سے خوف وڈر دور ہو، آپ باکمال اور مؤثر خطیب بنو، نیز باکمال خطیب بننے کے لیے چند اصول وضوابط کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کی تقریر قرآن وسنت اور صحابہ و تابعین کے اقوال سے مدلل ہو، موضوع موقع محل کے مناسب ہو، اسلوب شیریں ہو۔ نیز فرمایا کہ ہمارا دعوتی مشن سلف صالحین کے نہج پر ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ اس پروگرام میں جامعہ اسلامیہ سنابل کے عمید جناب ڈاکٹر ارقم رئیس سنابلی مدنی اور جملہ اساتذہ کرام اور دیگر مہمانان گرامی قدرنے شرکت کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اس پروگرام کی نظامت محمد سلطان محمد نسیم نے کی اور کلمہ تشکر ثوبان احمد مطیع اللہ نے پیش کیا۔ افتتاحی پروگرام کے مقابلہ جاتی پروگراموں کا آغاز ہوا۔ واضح رہے کہ اس پانچ روزہ سالانہ اجلاس کا اختتامی پروگرام بروز اتوار ۵ ؍فروری کو دس بجے صبح کانفرنس ہال جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔