2024 میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات بیک وقت کرائے جائیں!

پی آئی ایل کے ذریعہ دہلی ہائی کورٹ سے مرکزاور الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی گزارش

نئی دہلی ۔۳؍ فروری:  دہلی ہائی کورٹ سے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو (ای سی) یہ ہدایت دینے گزارش کی گئی ہے کہ آیا 2024 میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کا بیک وقت انعقاد عمل میں لانا ممکن ہے۔اس کے امکانات تلاش کئے جائیں۔درخواست گزار ایڈوکیٹ اشونی اپادھیائے نے اپنی پی آئی ایل (مفادِعامہ کی درخواست) میں یہ ہدایت دینے کی گزارش کی ہے کہ تعطیلات بشمول ہفتہ اور اتوار کو انتخابات کرائے جائیں تاکہ اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیز، سرویس انڈسٹریز اور مینوفیکچرنگ اداروں کا قیمتی وقت بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ بچانے، الیکشن ڈیوٹی پر سیکورٹی فورسس اور پبلک ایڈمنسٹریشن پر بوجھ کو کم کرنے اور الیکشن کمیشن کے عملہ کو جو بوتھس، الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ووٹر سلپس کو منظم کرتا ہے، اُس پر بوجھ کم کرنے کیلئے ایک ساتھ انتخابات کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ انتخابات پر اب بھاری بجٹ صرف ہوتا ہے اور یہ اب بے حد مہنگے ہوگئے ہیں لہٰذا لاء آف کمیشن انڈیا نے انتخابی قوانین (1999) میں اصلاحات پر اپنی 170 ویں رپورٹ میں تجویز پیش کی تھی کہ حکمرانی میں استحکام کی خاطر لوک سبھا اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت کرائیں جائیں لیکن مرکز اور الیکشن کمیشن نے مناسب اقدامات نہیں کئے ہیں۔ اپادھیائے نے لاء کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرنے کی درخواست کی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com