اگرتلہ: تریپورہ کی ۶۰ رکنی اسمبلی کے لیے جمعرات کو سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ ووٹنگ صبح ۷ بجے سے ہی شروع ہو گئی تھی اور ۴‘ بجے تک تقریباً ۸۱ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ریاست میں ۳۳۷۷پولنگ مراکز پر ووٹ کرایا گیا جہاں مجموعی طور پر ۲۵۹امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہو گیا۔ اب ۲ مارچ کا انتظار ہے جب تریپورہ اسمبلی انتخاب کا نتیجہ منظر عام پر آئے گا۔سیاسی کارکنان پر حملے اور ووٹروں کے ڈرانے دھمکانے، اور الیکشن کے عمل میں رخنہ اندازی کی کئی وارادتیں سامنے آئی، صبح سات بجے سے ہی عوام ووٹ مراکز پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے، دن میں کئی ووٹ مراکز پرطویل قطاریں دیکھنے کو ملی، بزرگ اور خواتین اور پہلی بار ووٹ ڈالنے گئے نوجوانوں میں جوش نظر آیا۔ جنوب، گومتی سپاہی جالا اور مغربی تری پورہ اضلاع میں حملے میں اپوزیشن پارٹی کے کئی کارکنان زخمی ہوگئے، اہم اپوزیشن مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنان نے چار اضلاع کے ۲۵ سے زائد ووٹ مراکز میں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کو بے دخل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم جہاں ٹھیک سے کام نہیں کررہے تھے وہاں انجینئر تبدیل کیاگیا ہے۔