ڈاکٹر عبدالقادر شمس مرحوم کی کتاب’ ’ہندوستان اور کویت تاریخی، علمی اور ثقافتی رشتے‘ کا اجرا ، ڈاکٹر خالد اعظمی کی کوششوں کو سراہا گیا

نئی دہلی: (ملت ٹائمز) نیت نیک ہو تو منزل تک پہنچنا آسان ہوجاتاہے،عبدالقادر شمس کی کوشش غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے،انہوںنے موضوع کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ایک مضبوط نیوقائم کردی ہے اب محققین کی ذمہ داری ہے وہ اس کام کو آگے بڑھائیں،یہ کتاب حرف آخر نہیں ہے تاہم اپنی نوعیت کا یہ اولین کام ہے جس کی ترتیب و اشاعت کے لئے میں ڈاکٹر خالد اعظمی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار نامور اسلامک اسکالر، دانشور پدم شری پروفیسراختر الواسع چیئرمین خسرو فاؤنڈیشن دہلی نےکیا۔ وہ آج ’’ ہندوستا ن اور کویت،تاریخی ،علمی اور تقافتی رشتے‘‘ نامی کتاب کی جامعہ نگر کے ابولفضل انکلیومیں واقع ہوٹل ریورویو میں رسم اجرا کی تقریب کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے تقریب کے شاندار انعقاد پر جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار اور اس کے بانی ڈاکٹر مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ضرورت ہے کہ یہ کتاب کویت کے ہر کتب خانہ اور علمی افراد کے ہاتھوں میں پہنچے ، اس کتاب کا اجرا جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ کے بینر تلے ہورہا ہے ، یہ اس بات کی علامت ہے کہ مولانا عبد القادر شمس اور مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کے درمیان جو گہرا اور مضبوط رشتہ تھا وہ باقی ہے۔ اب دونوں کے صاحبزادوں کی ذمہ داری ہےکہ وہ ان کے مشن کو آگے بڑھائیں اور نام روشن کریں۔

 مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا اصغر امام مہدی سلفی نےکہاکہ کام کرنے والوں کی قدر ہونی چاہیے ، جیسے مغفرت اور درجات کے بلندی کی دعا کرنا بہترین ہدیہ اور تحفہ ہے، اسی طرح ان کی خوبیوں کو اجاگر کرنا ہے بھی۔ آج کے اس انجمن کی پہلی اینٹ عبد القادر شمس ہیں ، جنہوں نے اتنا بڑا کام کیا، انسانی اور بین الاقوامی بنیاد پر ہندوستان نے کویت کے ساتھ ہاتھ بڑھایا اس کا بھی تذکرہ ضروری ہے ۔ پروفیسر اقتدار محمد خان صدر شعبہ اسلامک اسٹیڈیز جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہاکہ جب عبد القادر شمس یہ مقالہ تیار کر رہے تھے تو بارہا ان سے اس موضوع پر تبادلۂ خیال ہوا، وہ جس محبت و انکساری سے ملتے تھے اس اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ نوکری کے لئے نہیں بلکہ ریسرچ کی حیثیت سے اس عنوان پر کام کررہے ہیں ، جس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ یہ کام پروفیسر اختر الواسع جیسی علمی اور فکری شخصیت کے زیر نگرانی ہو رہا تھا۔ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کہاکہ اس طرح کی مجلسیں روز ہوتی ہے ،لیکن آج کی یہ مجلس اس اعتبار سے خاص ہے کہ یہاں ہر میدان کے ماہرین کا اجتماع ہے اور ایسا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کتاب ہندوستان اور کویت کے درمیان ہمہ جہت تعلقات پر بھرپور روشنی ڈالتی ہے، ڈاکٹر خالد اعظمی نے بہت محنت سے اس کی تہذیب و تدوین کی ہے اور قیمتی اضافے کیے ہیں۔

معروف صحافی سہیل انجم نےبہت ہی خوبصورت انداز میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہاکہ مرنے کے بعد جن تین صورتوں میں متوفی کو ثواب ملتا رہتا ہے ان میں ایک ذریعہ علم کا یا علمی کتاب کا چھوڑنا بھی ہے۔ اس کتاب کا جب تک مطالعہ کیا جاتا رہے گا عبدالقادر شمس اور ڈاکٹر خالد اعظمی کو ثواب ملتا رہے گا۔ ڈاکٹر وارث مظہری نےکہاکہ یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک اہم حوالے کی حیثیت رکھتی ہے۔ بنیادی اور ثانوی مصادر کو سامنے رکھ کر لکھی گئی یہ تحقیقی کتاب امید ہےکہ ہندوستان اور کویت کے درمیان علمی و ثقافتی رشتوں کے استحکام میں اہم کردار اداکرے گی۔

مفتی محمد انصار قاسمی نےکہاکہ جیسے ایک کنبہ کے چند افراد ہوتے ہیں اور ان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ فرحت و مسرت کے موقع پر جمع ہوں، ادارہ کی بھی حیثیت ایک کنبہ کی ہے، مفتی محفوظ الرحمن عثمانی رحمۃ اللہ علیہ اس طرح کی مجلسیں ہمیشہ منعقد کرتے تھے ، آج ان کے جانشین قاری ظفر اقبال مدنی مہتم جامعۃ القاسم نے بھی یہی کام کیا ہے۔ انہوں نے مولانا عبدالقادر شمس اور مفتی محفوظ الرحمن عثمانی رحمۃ اللہ علیہ کے چاہنے اور محبت کرنے والوں کو ایک جگہ جمع کردیا۔ ڈاکٹر اجمل قاسمی نے عبدالقادر شمس سے اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مقالے کی تیاری میں انہوں نے بہت محنت کی تھی ، بلاشبہ یہ ان کی محنت اور خلوص کا ہی نتیجہ ہےکہ اتنی بڑی تعداد میں اہل علم یہاں موجود ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر ابوالمفضل حسین نے اوقاف پر دلچسپ گفتگو کی اور کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس موضوع پر مطالعہ کیا جائے بہت سارے لوگ ناواقفیت کی بنیاد پر یہ کہتے ہیں کہ جدید معاشی نظام میں اس ادارے کا کوئی مثبت رول نہیں ہے جب کہ حقیقت اس کے خلاف ہے۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نےکی۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر خالد اعظمی نے دو سال کی محنت شاقہ کے بعد اس کتاب کو شائع کیا ہے جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ مو لانا عبدالقادر شمس کا خلوص اور محبت ہی نہیں بلکہ ان کی کرامت ہے بہت ہی کم عرصے میں ان شخصیت پر تین کتابیں آچکی ہیں۔ ڈاکٹر خالد مبشراسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی نےبھی کتاب کے مشمولات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ معروف صحافی سراج نقوی نےکہاکہ عبدالقادر شمس کی قلم پر مضبوط گرفت تھی یہی وجہ ہےکہ یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک اہم تحقیق ہے۔ کتاب میںجس طرح سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اور دیگر موضوعات کا احاطہ کیاگیا ہے وہ قابل قدر ہے۔

پرورگرام کا آغاز قاری نیاز الدین کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر مفتی امتیاز قاسمی فقہ اکیڈمی دہلی ، شمس تبریز قاسمی ملت ٹائمز، ڈاکٹر منظر امام، عمار جامی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ،جبکہ تقریب میں کثیر تعداد میں علماء، اہل علم ،دانشور اور صحافی موجود تھے جن میں شاہ جہاں شاد سیکریٹری سمانچل ڈیولپمنٹ فرنٹ بہار، جاوید خان احساس پیس فاؤنڈیشن ، ڈاکٹر یامین انصاری، ریزیڈنٹ ایڈیٹر انقلاب ، شاہ عالم اصلاحی نیوز ایڈیٹر انقلاب، اے این شبلی چیف بیورو روزنامہ ہندوستان ایکسپریس، ڈاکٹر نعمان قیصر، اشرف علی بستوی ایشیا ٹائمز، یاوررحمن، نایاب حسن قاسمی، مولانا فیروز اختر قاسمی، مفتی راشد خان، مولانا ابو بکر قاسمی،الحاج بذل الرحمن، مولانا زکریا قمر قاسمی ممبئی، قاری عظیم الدین، توقیر راہی، انوار الوفاء، سلام الدین خان، نوشاد عالم ندوی،مولانا نسیم مظاہری، انوار الحق ، مولانا ارشد عالم ندوی اور قاری اکبر علی کے نام قابل ذکر ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com