پٹنہ: تمل ناڈو میں بہاری مزدوروں کی پٹائی اور ہراساں کرنے کے معاملے میں کوئمبٹور انتظامیہ نے مزدوروں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے حکم پر اس معاملے کی زمینی حقیقت جاننے کے لیے بہار سے چار رکنی ٹیم آج چنئی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ دوسری طرف کوئمبٹور ضلع انتظامیہ نے ہفتہ کےروز اس معاملے میں سرکاری معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے پوری پیش رفت کو جھوٹ اور افواہ قرار دیا۔ انتظامیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر مہاجر مزدور ہیلپ لائن نمبر 04222300970، 9498181213، 8190000100، 9498181212، 7708100100 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کوئمبٹور ضلع انتظامیہ کے ریونیو افسر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ اس کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے حل کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امن و امان برقرار رکھنے کی سمت میں محکمہ پولیس کی جانب سے مناسب کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ کہا گیا ہے کہ ریاست سے باہر کام کرنے والے اپنے کام کی جگہ پر کسی بھی حفاظتی خطرے یا کسی پریشانی کی صورت میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ٹول فری نمبر 1077 پر کوئمبٹور کے ضلع کلکٹر کے دفتر سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو میں بہاری مزدوروں کی پٹائی اور قتل کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز وائرل ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ہندی بولنے والے مزدوروں پر تیز دھار اسلحہ سے حملہ کر کے دو لوگوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد سے بہار، جھارکھنڈ اور دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں مزدور کام چھوڑ کر گھر واپس آ رہے ہیں۔