‘ہمیں ایوان میں بولنے نہیں دیا جا رہا، جمہوریت پر ہو رہا حملہ’، مہوا موئترا کا الزام

نئی دہلی: بجٹ اجلاس کے جاری دوسرے مرحلے میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی رکن اسمبلی مہوا موئترا نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا پر الزام لگایا اور کہا کہ اسپیکر ہمیں (اپوزیشن) بولنے کی اجازت نہیں دے رہے اور یہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

مہوا موئترا نے ٹویٹ کر کے لکھا ”گزشتہ 3 دنوں میں اسپیکر نے صرف بی جے پی کے وزراء کو مائیک پر بولنے کی اجازت دی اور پھر پارلیمنٹ کو ملتوی کر دیا۔ اپوزیشن کے ایک بھی رکن کو بولنے نہیں دیا گیا۔ جمہوریت پر حملہ ہو رہا ہے۔ مہوا نے یہاں تک کہا کہ وہ اس ٹوئٹ کے لیے جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔”

اس سے قبل لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے بھی الزام لگایا تھا کہ ان کی میز پر موجود مائک پچھلے تین دنوں سے میوٹ (خاموش) ہے اور دعویٰ کیا کہ یہ راہل گاندھی کے اس بیان کی ‘مکمل تصدیق’ کرتا ہے کہ ہندوستان میں اپوزیشن ارکان کے مائیک اکثر خاموش کر دیئے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ لندن میں اڈانی معاملے پر راہل گاندھی کے بیان پر بی جے پی اور اپوزیشن آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں اڈانی-ہنڈن برگ کیس کی جے پی سی انکوائری کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی لندن میں راہل کے ریمارکس پر کانگریس رکن پارلیمنٹ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com