عالمی شہرت یافتہ اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کی گرفتاری کے لیے ہندوستان لگاتار کوششیں کر رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائک کو عمان میں حراست میں لینے کی تیاری چل رہی ہے اور پھر وہاں سے انھیں ہندوستان لایا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی ایجنسیاں عمان کے افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو حراست میں لیا جا سکے۔
دراصل ڈاکٹر ذاکر نائک 23 مارچ کو عمان کا سفر کرنے والے ہیں۔ انھیں عمان میں لیکچر دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔ رمضان کے پیش نظر 23 مارچ کو ڈاکٹر ذاکر نائک کا لیکچر ہونا ہے اور اس کا انعقاد عمان کی اوقاف اور مذہبی امور کی وزارت نے کیا ہے۔ دوسرا لیکچر وہ 25 مارچ کو سلطان قابوس یونیورسٹی میں پیش کریں گے۔
ہندی نیوز پورٹل ‘ٹی وی 9 بھارت ورش’ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی ہندوستانی سفارتخانہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو مقامی قوانین کے مطابق جلا وطن کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستانی خفیہ ایجنسی کے ذرائع کے مطابق اس کا پورا امکان ہے کہ مقامی افسران ان کے مطالبہ کو مانیں اور اسے حراست میں لیں گے۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ ہندوستان سے عمان ایک لیگل ٹیم بھی بھیجی جا سکتی ہے۔ وزارت خارجہ نے عمان کے سفارتخانہ کے سامنے بھی اس معاملے کو رکھا ہے۔ اتنا ہی نہیں، عمان میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے بھی وہاں کی وزارت خارجہ کے سامنے یہ معاملہ پیش کیا ہے۔