مولانا رابع حسنی ندوی اپنی علمی خدمات اور ملت کو متحدہ رکھنے کی کوششوں کیلئے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے: ڈاکٹر منظور عالم

مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر ڈاکٹر منظور عالم کا اظہار تعزیت

نئی دہلی:( پریس ریلیز) معروف عالم دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور انسٹی ٹیوف آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کا شدید خسارہ بتایا ۔انہوں نے کہاکہ مولانا رابع صاحب ملت اسلامیہ ہند یہ کے عظیم رہنما اور اتحاد ویکجہتی کے علمبردار تھے ،موجودہ حالات میں عالم اسلام کو ان کی اشد ضرورت تھی لیکن موت سے کسی کو رستگاری نہیں ہے اور ہر ایک کا وقت مقرر ہے ۔

ڈاکٹر منظور عالم نے اپنے قریبی تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ و ہ دل سے محبت کرتے تھے ، ہر طرح کا تعاون فرماتے تھے اور ملت کے مسائل کے تئیں ہمہ وقت فکر مند رہتے تھے ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ اور دیگر اداروں کا وقاراور اتحاد برقرار رکھنے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حضرت مولانا مرحوم آل انڈیا ملی کونسل کے آخری سرپرست تھے ، ہمیشہ او ر ہر موقع پر ان کی رہنمائی شامل تھی ۔ آئی او ایس کے شاہ ولی اللہ ایوارڈ سے بھی مولانا کو ان کی علمی خدمات کی بنیاد پر سرفراز کیاگیاتھا جس کو انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا ، آئی او ایس کے متعدد پروگراموں میں ان کی شرکت رہی ہے ۔ دوسال قبل ہندوستانی مسلمانوں کو متحد کرنے کیلئے دہلی میں ایک غیر معمولی میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں تمام مسلک و مشرب اور ملی تنظیموں کے رہنما نے شرکت کی تھی اس موقع پر بھی ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ مولانا نے اظہار خیال کیا اور اتحاد امت کی کوشش کو بھر پور سراہا اور ساتھ دینے کی امت سے اپیل کی۔

مولارابع حسنی ندوی کی علمی ،ملی اور دینی خدمات نصف صدی سے زائدہ عرصہ پر محیط ہے جس کو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ، ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا واقع ہوگیا ہے ۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے (آمین)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com