نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے چیف اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس نے 2 ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ برج بھوشن کے خلاف خاتون پہلوانوں کی شکایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ کیس درج کیا گیا ہے۔ کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں یہ معاملہ درج کیا گیا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ ایک کیس پاکسو ایکٹ کے تحت بھی درج کیا گیا ہے۔ دراصل ایک نابالغ متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر یہ معاملہ درج کیا گیا ہے
دہلی پولیس نے بتایا کہ دوسری ایف آئی آر ایک دیگر خاتون پہلوان کی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے دونوں ہی معاملوں کی جانچ شروع کر دی ہے۔ حالانکہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ دونوں ایف آئی آر میں کون کون سے دفعات جوڑے گئے ہیں۔ پولیس نے صرف ایک ایف آئی آر میں پاکسو ایکٹ کا تذکرہ کیا ہے۔
خاتون پہلوان ساکشی ملک نے بھی جنتر منتر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا برج بھوشن کو جیل میں جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ (برج بھوشن کے خلاف ایف آئی آر) جیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ لیکن ہمارا مظاہرہ برج بھوشن شرن سنگھ کے جیل میں جانے تک جاری رہے گا۔ ہم اپنا بیان سپریم کورٹ میں درج کرائیں گے۔